شہبازشریف اور بلاول کو احتساب کا غم ہے، فیاض چوہان



لاہور: وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شہباز شریف اور بلاول زرداری کی غم کی کہانی سانجھی معلوم ہو رہی ہے، ان کو احتساب کا غم ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ منظور پاپڑ فروش جیسے کردار سامنے آنے پر رابطے بڑھ جاتے ہیں۔ اے پی سی کو جتنا غیر متحدہ اپوزیشن نے بدنام کیا ہے، شاید ہی کسی نے کیا ہو۔

وزیراطلاعات پنجاب نے اپنے بیان میں کہا کہ شہباز شریف کی سیاست صرف بیان بازی اور بلاول زرداری کی سیاست تقریروں تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔

اپنے ردعمل میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شہباز شریف اور بلاول زرداری ایک دوسرے کے ساتھ چالاکی اور موقع پرستی کی سیاست کرنے کے چکر میں ہیں۔ بڑے بھائی اور بھتیجی کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے والے شہباز پر بلاول اعتبار کرنے سے ہچکچا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں اقتصادی سرگرمیاں جاری ہیں، حکومت کا مقصد انتظامی و سیاسی نظام کی بنیادوں کو مضبوط کرنا ہے۔ شہباز شریف اور بلاول سے گزارش ہے کہ کورونا کے خلاف اور معاشی استحکام کی جدوجہد میں حکومت کا ساتھ دیں۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاب شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے درمیان گزشتہ روز ٹیلی فونک رابطہ بھی ہوا تھا جس میں دونوں رہنماؤں نے آل پارٹیز کانفرنس ( اے پی سی) کے انعقاد پر مشاورت کی تھی۔

اس ٹیلی فونک رابطے کے نتیجے میں آج مسلم لیگ کے تین رکنی وفد نے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو سے ملاقات کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں آل پارٹیز کانفرنس ( اے پی سی) کے انعقاد اور اس کے ایجنڈے پر مشاورت کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں