پشاور میں 11 مقامات پر مویشی منڈیاں لگانے کی اجازت


پشاور: پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے 11 مختلف مقامات پر مویشی منڈیاں لگانے کی اجازت دے دی۔

ترجمان پشاور ضلعی انتظامیہ کے مطابق مویشی منڈیاں شہری اور نواحی علاقوں کے مختلف مقامات پر لگائی جا سکیں گی تاہم رنگ روڈ کے اطراف مویشی منڈیاں لگانے پر پابندی ہو گی۔

ترجمان کے مطابق اندرون شہر منڈیاں لگانے اور جانوروں کی نقل و حرکت پر پابندی ہو گی جبکہ مویشی منڈی کی حدود میں داخلے پر ماسک پہننا لازمی ہو گا۔

پشاور ضلعی انتظامیہ نے مویشی منڈی میں 10 سال سے کم اور 50 سال سے زائد عمر کے افراد کے داخلہ پر پابندی لگا دی ہے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں ایس او پیز کے تحت مویشی منڈیاں لگانے کی اجازت دی جا رہی ہے اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سختی سے نمٹنے کے احکامات بھی ہیں۔

گزشتہ ہفتے پشاورمیں عید قرباں پر لگائی گئی غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ کے کریک ڈاؤن میں متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا گیا تھا۔

اسسٹنٹ کمشنر رضوانہ ڈار کا کہنا تھا کہ کریک ڈاون کے دوران پانچ مویشی منڈیاں سیل کی گئیں اور متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا۔

کارروائی کے دوران دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر منڈیاں لگانے پر پچاس ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ انہوں نے خبردار کیا تھا کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے بنائے گئے ایس او پیز کی خلاف ورزی  کسی کو نہیں کرنے دیں گے۔

خیبر پختونخوا کی مویشی منڈیوں میں نو ماسک نو انٹری کی پالیسی لاگو کر دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں سندھ: ایس او پیز کے تحت مویشی منڈیاں قائم کرنے کی اجازت

ضلعی انتظامیہ کوہاٹ نے بھی شہر اور نواحی علاقوں میں قائم غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ان کو ختم کر دیا۔

انتظامیہ نے عارضی خیموں کو اکھاڑ کر قائم غیر قانونی منڈیاں ختم کر دیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 کے تحت مقدمات درج کیے۔


متعلقہ خبریں