لاہور اورنج لائن ٹرین بہت جلد کھول دی جائے گی، عاصم سلیم باجوہ


اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ لاہور کی اورنج لائن ٹرین بہت جلد عوام کیلئے کھول دی جائے گی۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سی پیک منصوبہ جات کو بریفنگ دیتے ہوئے عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ اورنج لائن منصوبہ قطعا سیاسی نہیں ہے۔ ہمیں ہدایت کی گئی تھی کوئی منصوبہ رکنا نہیں چاہیے۔

ممبر کمیٹی اسد اشرف نے کہا کہ اورنج لائن پر 99 فی صد کام مکمل ہوچکا ہے ،مگر بند ہے۔ کیا اورینج لائن سیاسی مسئلہ ہے؟

اس پر عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ اورنج ٹرین لائن جلد مکمل ہو جائے گئی۔ اورینج لائن کا کچھ سول ورک رہتا تھا۔ اورنج لائن منصوبے کیلئے 1600 افراد بھرتی کیئے جائیں گے۔ اورنج لائن آپریشنل ہونے کیلئے جلد تیار ہوگا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا تھا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین سی پی پیک کا منصوبہ ہے، اسے جلد ازجلد چلانے کی کوشش کریں گے۔

مزید پڑھیں: لاہور اورنج لائن منصوبے کا سب سے بڑا سنگ میل عبور کرلیا گیا

گزشتہ ہفتے وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور میں ڈیرہ گجراں اورنج لائن میٹرو اسٹیشن کے آغاز کے لیے تیاریوں کا جائزہ لیا تھا۔ وزیراعلی پنجاب نے اورنج لائن میٹرو ٹرین پر موجود جدید ترین سہولتوں، آٹومیٹک آلات اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا تھا۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اورنج لائن میٹروٹرین کا تعمیراتی کام تقریباً مکمل ہوچکا ہے، اس کی افتتاح کے لیے سازگار حالات کا انتظار کررہے ہیں۔

عثمان بزدار نے کہا تھا کہ کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی رکاوٹیں دور ہوتے ہی ٹرین سروس کا باقاعدہ آغاز کردیا جائے گا۔ اورنج لائن ٹرین چلا کر سابقہ حکومتوں کے منصوبے بند کرنے کی روایت کا خاتمہ کررہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اورنج لائن میٹروٹرین مسافروں کے تحفظ کے لیے ایس او پیز کے تحت چلانے کا فیصلہ کیاگیاہے۔ لاہور کے شہریوں کو سفر کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کا اہتمام کررہے ہیں۔

عثمان بزدار نے کہا تھا کہ عوام کی فلاح او رسہولت کے لیے میٹرو ٹرین چلارہے ہیں۔


متعلقہ خبریں