لاہورکے مختلف علاقوں میں بارش، لیسکو کے90 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے


لاہورکےمختلف علاقوں میں بارش اورآندھی کے باعث لیسکو کا ترسیلی نظام متاثر ہوگیا اور 90 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے۔

ہم نیوز کے مطابق فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر فنی خرابیوں کے باعث متعدد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے۔ گلبرگ، کیولری گراوَنڈ، نشاط کالونی، والٹن روڈ اور چونگی امرسدھو کےعلاقے بجلی سے محروم ہوگئے۔

فیڈرزٹرپ ہونے اور دیگرفنی خرابیوں کے باعث کوٹ لکھپت، ٹھوکرنیازبیگ، جوہرٹاوَن، شادہ پورہ، علامہ اقبال ٹاوَن بھی بجلی سے محروم ہوگئے۔

دریں اثنا فیصل آباد میں طوفان اوربارش کے بعد  فیسکو ریجن کے مختلف علاقوں میں 91 فیڈرزسے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

ترجمان فیسکو کے مطابقآپریشن اور شکایت اسٹاف کو ہائی الرٹ کیا گیا ہے۔ لائن اسٹاف کو بجلی بحالی کے دوران سیفٹی اصولوں کی سختی سے پابندی کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

ترجمان فیسکو کے مطابق بارش رکتے ہی بجلی کی بحالی کا کام شروع کردیا گیا۔  بجلی کےعارضی تعطل پرصارفین سےمعذرت خواہ ہیں۔

محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، بالائی خیبر پختونخوا، بالائی وسطی پنجاب ،مشرقی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی بارش: چھتیں گرنے سے 4 بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق

محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ کے اضلاع میں بھی گرد آلود ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

پنجاب کے اضلاع راولپنڈی، مری، جہلم، اٹک، چکوال، میانوالی، سرگودھا، خوشاب، نارووال، سیالکوٹ، گجرات، گوجرنوالہ اور حافظ آباد میں بارش کا امکان ہے۔

منڈی بہاؤالدین، لاہور، شیخوپورہ، قصور، جھنگ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، اوکاڑہ اور ساہیوال میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی.

ملتان، ڈی جی خان، راجن پور، رحیم یار خان، بہاولپور، بہاولنگر، لیہ اور بھکر میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

سندھ کے اضلاع سکھر،لاڑکانہ، جیکب آباد، کراچی، ٹھٹہ اور سندھ کے ساحلی علاقوں میں بارش متوقع ہے جبکہ سندھ کے مختلف علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب بھی رہے گا۔

:


متعلقہ خبریں