بلاول بھٹو کی جیالوں کو حکومت مخالف تحریک کیلئے تیاری کی ہدایت



کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی  بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے جیالوں کو حکومت مخالف تحریک کیلئے تیاری کی ہدایت کر دی ہے۔ 

پارٹی کے شعبہ اطلاعات کےاجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تیاری کر لیں،حکومت نےغیر آئینی قدم اٹھایا تو بڑی تحریک چلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت این ایف سی اور صوبائی خود مختاری کے درپے ہے، غیرآئینی اقدامات کو روکنے کیلئے اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔

بلاول نے کہا کہ صوبوں کے حقوق کیلئے اگر تنہا تحریک چلانی پڑے تو چلائیں گے۔  کورونا کی وبا ہماری جدوجہد کے آڑے نہیں آئے گی، ہم ایس او پیزکے ساتھ  تحریک چلا کر دکھائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے کلبھوشن کےآرڈیننس پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں نہیں لیا، کہتے ہیں کہ یہ بھارتی جاسوس کا معاملہ حساس معاملہ تھا بتایا جائے کہ اس حساس معاملے پر پارلیمنٹ کواعتماد میں نہیں لینا تو کس کو لینا ہے۔

بلاول کا حکومت پر کلبھوشن سے متعلق خفیہ آرڈیننس لانے کا الزام

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ حکومت کی ناکامی پوراملک اورپنجاب کےعوام بھگت رہےہیں۔

انہوں نے پنجاب حکومت کی ناکامیوں کو عوام کے سامنے لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ دوہری شہریت کے معاملے پرعمران خان کا دوہرا معیار سامنے آ گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نےکرپشن کی انتہا کر دی، اسے بےنقاب کرنا ہے، کےالیکٹرک اور ابراج گروپ کےمعاملے میں عمران خان کا نام آ رہا ہے، آج تک ہم پرجھوٹےالزامات لگا کر شور مچایا گیا، آج ہراسکینڈل میں عمران خان کےساتھیوں کا نام آرہا ہے۔


متعلقہ خبریں