سندھ حکومت کا گندم کی ذخیرہ اندوزی پر سخت ایکشن کا فیصلہ


کراچی: سندھ حکومت کے صوبے میں گندم کی ذخیرہ اندوزی کرنے والے عناصر کے خلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں گندم کی کمی نہیں ہونی چاہیے تھی۔ مصنوعی بحران پیدا کرنے کی کوشش ہورہی ہے۔گندم بحران سے کچھ لوگ فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔

مرتضی ٰوہاب نے کہا کہ گندم ابھی ریلیزکرنے کا فیصلہ خطرناک ہوگا، منافع خورپھرحرکت میں آئیں گے۔ پنجاب میں جن لوگوں نےگندم کی ذخیرہ اندوزی کی ہے ان کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور پولیس گندم ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کرے گی۔ گندم کی قلت کاشتکاروں کی وجہ سے نہیں، ذخیرہ اندوزوں کی وجہ سے ہے۔

دریں اثناء میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیربلدیات ناصرحسین شاہ نے کہا کہ گندم کی ذخیرہ اندوزی پرسخت ایکشن ہوگا۔ سندھ میں اس وقت آٹا دیگرصوبوں سے کم قیمت پردستیاب ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں آٹے کا کوئی بحران نہیں ہے۔ سندھ میں گندم سےمتعلق ٹارگٹ 98 فیصد حاصل کیا ہے۔ گندم بلوچستان یا خیبرپختونخواسے اسمگل ہورہی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیربرائے  فوڈ سیکیورٹی سید فخر امام  نے حکومت سندھ سے کہا تھا کہ گندم کی قیمتوں میں استحکام کے لیے صوبائی حکومت گندم پالیسی جاری کرے۔

ہم نیوز کے مطابق وفاقی وزیر برائے فوڈ سیکیورٹی سید فخر امام کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ کو لکھے گئے  خط میں کہا تھا کہ حکومت سندھ عوام کو طے شدہ پالیسی کے تحت گندم دینے کے لیے اوپن بارڈر پالیسی پر عمل کرے۔

وفاقی وزیر سید فخر امام نے خط میں مؤقف اپنایا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت 22 جون کے اجلاس میں گندم  سے متعلق پالیسی طے کی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: کراچی: گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اضافہ

ذرائع کے مطابق انہوں نے لکھا تھا کہ اجلاس کے فیصلے کے مطابق صوبوں نے گندم سے متعلق پالیسی جاری کر دی تھی۔

ہم نیوز کے مطابق سید فخر امام کا کہنا تھا کہ سندھ کی صوبائی حکومت کی گندم پالیسی کے اجرا میں تاخیر سے  قیمتوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے وزیراعلیٰ سندھ کے نام لکھے جانے والے خط میں کہا تھا کہ گندم جاری کرنے کی پالیسی کے عدم اجرا سے سندھ اور پنجاب میں آٹے کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔

سید فخر امام نے زوردیا تھا کہ صوبائی حکومت قیتوں میں استحکام کے لیے گندم پالیسی جاری کرے۔


متعلقہ خبریں