سوئی سدرن، کے الیکٹرک کا مسئلہ حل کرنے کی ذمہ داری سندھ حکومت کے سپرد

سوئی سدرن، کے الیکٹرک کا مسئلہ حل کرنے کی ذمہ داری سندھ حکومت کے سپرد | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: وفاقی وزیرپٹرولیم اویس لغاری کا کہنا ہے کہ وزیراعلی سندھ دھرنے دینے کے بجائے سندھ کے عوام کو متاثر کرنے والی بجلی چوری روکنے کے لئے کام کریں۔

جمعہ کو اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری کا کہنا تھا کہ بہت سے معاملات سامنے آئے ہیں، بلیک میل نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کے سوئی سدرن گیس کمپنی کا موقف ہے کہ کے الیکٹرک کے ذمہ 70 ارب روپے کے واجبات ہیں۔ کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کے اداروں پر اربوں کے واجبات ہیں۔

اویس لغاری نے بتایا آج کے اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ وزارت خزانہ کی نگرانی میں سندھ حکومت، پٹرولیم ڈویژن، کے الیکٹرک اور سوئی سدرن معاملہ حل کریں گے، سندھ حکومت کو دونوں معاہدے کرانا ہوں گے۔

وزیر پٹرولیم نے واضح کیا کہ کراچی کے عوام کے لئے کے الیکٹرک کو اپنے سسٹم سے بجلی دے رہے ہیں، بغیر معاہدے کے کے الیکٹرک کو گیس نہیں دی جا سکتی۔

سیکریٹری پٹرولیم سکندر سلطان راجہ نے اجلاس کے بعد غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک نئے معاہدے کے لیے لیت و لعل سے کام لے رہا ہے۔ وزیراعظم کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں جن نکات پر اتفاق ہوا تھا کے الیکٹرک نے ان پر عمل درآمد نہیں کیا۔

وفاقی سیکرٹری نے تصدیق کی کہ وزیراعظم کی سربراہی میں اجلاس کے دوران کے الیکٹرک نے واجبات پر تھرڈ پارٹی آڈٹ اور نئے معاہدے کے لئے ٹی آر اوز پر رضامندی ظاہر کی تھی لیکن پھر ان سے مکر گئے۔

انہوں نے واضح کیا کہ کے الیکٹرک نے ابھی تک تین ماہ کا سیکیورٹی ڈیپازٹ بھی جمع نہیں کروایا۔

قبل ازیں نیپرا بھی یہ کہہ چکا ہے کہ کے الیکٹرک اپنی بجلی پیدا کرنے کے لئے کام نہیں کر رہا، یہی کراچی میں بجلی بحران کا بنیادی سبب ہے۔


متعلقہ خبریں