این ایف سی کی تشکیل، حفیظ شیخ کا نام نکال دیا گیا



اسلام آباد: مشیرخزانہ حفیظ  شیخ کانام قومی مالیاتی کمیشن(این ایف سی) سے  نکال دیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت  نے این ایف سی کی تشکیل کا نیا  نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

اٹارنی جنرل نے وفاقی حکومت کا نیا نوٹیفکیشن اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش کیا۔ عدالت نے حکومت کی جانب سے نوٹی فکیشن واپس لینے پر مسلم لیگ ن کی جانب سے دائر کی گئی درخواست نمٹا دی ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر درخواست گزار کو نئے نوٹیفکیشن پر کوئی اعتراض ہے تو چیلنج کیا جا سکتا ہے۔

دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ کمیشن بنانے کا نوٹیفکیشن کابینہ ڈویژن نے جاری کرنا تھا وزارت داخلہ نے کیسے کیا؟اٹارنی جنرل خالد جاوید نے اعتراف کیا کہ یہ نوٹیفکیشن کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کیا جانا چاہیے تھا اور یہ غلطی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی این ایف سی میں تقرری کالعدم قرار

جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ اگر آ پ کی دلیل کو مان لیا جائے تو اس کے مضمرات آگے تک ہونگے۔ کیا یہ حکومت کو غلطیاں کرنے کا لائسنس دیتا ہے؟

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ پھر تو وزارتیں نوٹیفکیشن جاری کریں گی اور اسے جواز بنا لیں گی۔

اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ سے پہلے کی کمیشن تشکیل دے دیا گیا تھا، اگر کمیشن انکوائری کمیٹی کی رپورٹ آنے کے بعد بنایا جاتا تو اعتراض کیا جا سکتا تھا۔

عدالت نے این ایف سی کی تشکیل سے متعلق کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنما خرم دستگیر خان نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ آج چاروں صوبوں میں رہنے والے عوام کی فتح ہوئی ہے۔ حکومت نے قومی مالیاتی کمیشن کا نوٹس جاری کیا تھا جو غیر آئینی تھا۔ وفاق کی طرف سے صوبوں کے وسائل پر قبضہ کرنے کی ناکام کوشش تھی۔


متعلقہ خبریں