نیپال میں بارشیں اور سیلاب، 132 افراد ہلاک، 128 سے زائد زخمی


کھٹمنڈو: نیپال میں بارشوں اور سیلاب سے 132 افراد ہلاک اور 128 سے زائد زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نیپال میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی ہے۔ ہلاکتوں اور زخمیوں کے علاوہ 53 افراد لاپتہ بھی ہو گئے ہیں۔

نیپال میں طوفانی بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مواصلاتی نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ فصلیں تباہ اور لاتعداد مویشی بھی سیلابی پانی میں بہہ گئے ہیں۔

اس وقت نیپال کے بیشتر شہروں کے مختلف علاقے سیلاب کی لپیٹ میں ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں خوراک کی بھی قلت کا سامنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں جنوبی ایشیا میں بارشوں نے تباہی مچا دی، 221 افراد جاں بحق

بھارت میں بھی مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی ہے اور لاکھوں افراد بے گھر اور ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔

بھارتی ریاستوں آسام، بہار اور تری پورہ میں مون سون کی بارشوں کی وجہ سے رہائشی علاقے کئی کئی فٹ پانی میں ڈوب گئے ہیں۔

جنوبی ایشیا میں مون سون بارشوں اور طوفان نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں  بنگلا دیش، بھارت اور نیپال میں مجموعی طور پر 221 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

بھارت کے شمال مشرقی علاقے شدید بارشوں اور سیلاب کی لپیٹ میں ہیں جہاں اب تک موجودہ بارشوں سے 79 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

شمال مشرقی ریاست آسام میں سیلاب نے 10 لاکھ سے زائد افراد کو بے گھر کر دیا جبکہ طوفانی بارشوں اور سیلاب سے سینکڑوں گھر تباہ اور ہزاروں ایکڑ اراضی کو شدید نقصان پہنچا۔

برہم پترا دریا میں پانی کی سطح بلند ہونے سے اردگرد کی علاقے زیر آب آ گئے۔


متعلقہ خبریں