ڈبلیو ایچ او پر الزامات ناجائز، بے بنیاد اور ناقابل قبول ہیں، سربراہ ٹیڈروس

فائل فوٹو


جینیوا: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کی جانب سے ڈبلیو ایچ او پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ادارے پر الزامات ناجائز، بے بنیاد اور ناقابل قبول ہیں۔

ٹیڈروس ایڈہانوم نے کہا کہ ہماری پوری توجہ لوگوں کی زندگیاں بچانے پر مرکوز ہے، ڈبلیو ایچ او کی توجہ ان تبصروں سے دوسری جانب نہیں ہٹے گی۔

یہ بھی پڑھیں: امریکہ نے عالمی ادارہ صحت سےدستبرداری کا نوٹس جمع کرادیا

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نہیں چاہتے کہ عالمی برادری بھی ان تبصروں کی وجہ سے اپنی توجہ کسی اور جانب مرکوز کرے، موجود بحران میں سب سے بڑا خطرہ وبائی مرض پر سیاست ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت کو چین کی کٹھ پتلی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے ڈبلیو ایچ او سے نکلنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ہم نیوز نے عالمی خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ امریکہ عالمی ادارہ صحت کو چین سے زیادہ پیسے کیوں دے؟

چین پر انہوں نے الزام تراشی کرتے ہوئے کہا کہ وہ امریکہ سے بہت زیادہ پیسے نکال رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چین امریکیوں کی ذاتی معلومات بھی چوری کرنا چاہتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکہ: کورونا کیسز بڑھنے کی وجہ لاک ڈاؤن نہ کرنا ہے، ڈاکٹر فاؤسی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آئندہ صدارتی انتخابات میں اپنے قریبی سیاسی حریف قرار دیے جانے والے جوبائیڈن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ چین کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔


متعلقہ خبریں