معاشی بدحالی سے متاثر فنکار سڑکوں پر آ گئے


لاہور: چار ماہ سے بند تھیٹرز کے باعث معاشی بدحالی سے متاثر فنکار سڑکوں پر آ گئے۔

فنکاروں نے قمیضیں اتار کر حکومت کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا ، مطالبہ کیا کہ جہاں تمام شعبے کھول دیے گئے ہیں تھیٹرز کو بھی کھولا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: مالکان، فنکاروں کی پنجاب حکومت سے تھیٹر کھولنے کی درخواست

اسٹیج پر حاضرین کا دل لبھانے والے تھیٹر اداکار سڑکوں پر آ گئے اور لاہور کے میٹروپول سنیما کے باہر فنکاروں نے قمیضیں اتار کر حکومت کے خلاف احتجاج کیا، مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور نعرے لگائے کہ تھیٹر کھولو۔

مظاہرہ کرنے والے فنکاروں کا کہنا ہے کہ اتنے پریشان ہیں کہ اب بچوں کا سامنا کرنا مشکل ہوگیا ہے مانگ کر بچوں کو کھانا کھلانے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

مظاہرین فنکاروں کا کوئی مطالبہ ہے تو بس ایک کہ دیگر شعبوں کی طرح ایس او پیز کے تحت تھیٹرز بھی کھولے جائیں۔

کچھ فنکاروں کا کہنا تھا کہ اتنے مجبور ہیں کہ پانچ ماہ سے مکان کا کرایہ بھی نہیں دے سکے برائے مہربانی ہمارے روزگار کےلیے تھیٹرز کو کھول دیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت نے فنکاروں کی مالی معاونت کرنے کا اعلان کر دیا

مظاہرین نے مطالبات نہ ماننے پر پیر کے روز بھوک ہڑتالی کیمپ لگانے کی تنبیہہ بھی کر دی۔

دوسرے کے چہروں پر ہنسی بکھیرنے والے خود اداس ہیں ان کی حکومت سے یہی اپیل ہے کہ تھیٹر کھولنے کی اجازت دی جائے تاکہ وہ اپنے بچوں کا روزگار کما سکیں۔


متعلقہ خبریں