پاکستانی روپے کی قدر میں مزید کمی نہیں کی جائے گی،مفتاح اسماعیل


واشنگٹن:وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و اقتصادی امور مفتاح اسماعیل نے دعویٰ کیا ہےکہ پاکستانی روپے کی قدر میں مزید کمی نہیں کی جائے گی۔

امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے اس امرکو خوش آئند قرار دیا کہ روپے کی قدر میں کمی کے باوجود مہنگائی میں اضافہ نہیں ہوا۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ تجارتی عدم توازن کے باعث ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی آئی۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ شرح نمو اس سال 8۔5 فیصد رہی، افراط زر کی شرح بھی چار فیصد سے کم ہوگئی ہے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ سی پیک کے باعث اقتصادی سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے ۔

انہوں نے آئندہ مالی سال میں شرح نمو چھ فیصد تک رہنے کا امکان ظاہر کیا۔

وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی پیش کردہ تجاویز پر عملدرآمد کیا جائے گا۔

مفتاح اسماعیل آئی ایم ایف اور ورلڈ بینگ حکام سے ملاقات کے لئے واشنگٹن میں موجود ہیں۔

پاکستان کے مشیر خزانہ کی آئی ایم ایف کے ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر اور ان کی ٹیم سے ملاقات ہو چکی ہے۔

پاکستان کے معاشی ماہرین کے مطابق ملکی معیشت کو اس وقت ’بیل آؤٹ‘پیکج کی فوری ضرورت ہے اور حکمران اسی کے لئے کوشاں ہیں۔

موجودہ حکومت کی جانب سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ وہ آئندہ سال کے بجٹ کا اعلان کرکے رخصت ہوگی۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت اپنی آئینی مدت پانچ جون کو پوری کرے گی۔

 


متعلقہ خبریں