راولپنڈی میں 9 افراد کے قتل کا مقدمہ درج، مرکزی ملزم گرفتار نہ ہوسکا


راولپنڈیراولپنڈی کے علاقے چونترہ کے میال گاؤں میں گزشتہ رات فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے 9 افراد کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

راولپنڈی تھانہ چونترہ کے مطابق مقدمہ نذرعباس ولد شیر احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں دہشتگردی اور اقدام قتل سمیت سنگین جرائم کی دفعات شامل کیے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق مقدمے میں مرکزی ملزم ربنواز اور دانش سمیت 10 افراد نامزد کیے گئے ہیں۔ مقدمے کے مطابق ملزم نے 2 گھروں میں داخل ہوکر 5 خواتین اور 4 بچوں کو قتل کیا۔ تین افراد فائرنگ سے زخمی بھی ہوئے۔

ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق رات گئے پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران دو ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا جبکہ مرکزی ملزم ربنواز اور اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ رات دو گروپوں میں ہولناک تصادم کے نتیجہ میں 5 خواتین اور 4 بچے جاں بحق جبکہ تین بچے زخمی ہوئے تھے۔

ترجمان راولپنڈی پولیس نے کہا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اظہر، نذر اور امتیاز گروپ اور رب نواز گروپ کے مابین پیش آیا۔

ترجمان کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق وجہ تنازعہ چند روز قبل میال گاؤں میں خاتون کا قتل اور دیرینہ دشمنی کا تھا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں سلیم اختر، نثار بی بی، ایمان فاطمہ، ازرام بی بی، عابدہ شاہین ،فرحان اظہر اور عنزلہ بی بی جاں  شامل تھیں، جبکہ زخمی افراد کی شناخت نورفاطمہ، عثمان اور ابراہیم کے ناموں سے ہوئی تھی۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد: فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق، ایس ایچ او معطل

زخمیوں کو علاج کے لیے جبکہ مقتولین کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

ترجمان کے مطابق پولیس کی فرانزک ٹیم نے موقع سے شواہد اکٹھے کیے ہیں اور واقعہ میں ملوث افراد کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

پولیس ترجمان کے مطابق فائرنگ کی اطلاع پر سی پی او محمد احسن یونس، ایس ایس پی آپریشنز اور ایس پی صدر پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ موقعہ پر پہنچ گئے۔

کل رات وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے راولپنڈی کے تھانہ چونترہ کی حدود میں 2 گروپوں میں فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب  کرلی تھی۔

وزیراعلی عثمان بزدار نے فائرنگ کرنے والے ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیا تھا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا تھا کہ ملزمان کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے اور ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت  نے کہا تھا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ربنواز نامی شخص نے مخالفین کے گھر میں گھس کر فائرنگ کی۔ 2 گروپوں میں دشمنی چل رہی تھی جس پر فائرنگ کی گئی۔

ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق رات گئے پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران دو ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا جبکہ مرکزی ملزم اور اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں