ملک بھر میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں مون سون کا نیا اسپیل داخل ہو گیا ہے جس کے بعد ملک بھر میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔

جڑواں شہروں میں موسلا دھار بارش کے باعث گرمی اور حبس کی شدت میں کمی آ گئی اور موسم خوشگوار ہو گیا ہے جبکہ راولپنڈی کا علاقہ ڈھوک کالا خان کی یونین کونسل 22 کی گلیوں اور گھروں میں بارش کا پانی داخل ہونے سے علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مری اور اس کے ارد گرد کے علاقوں میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

صوابی، شانگلہ سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

کراچی میں بھی ہفتے کی صبح بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر کے مختلف علاقوں میں آج بھی آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش خیبر پختونخوا کے علاقے بالا کوٹ میں 21 ملی میٹر، بنوں میں 4 ملی میٹر، پنجاب کے علاقے بہاولپور میں 6 ملی میٹر، کشمیر کے ضلع مظفر آباد میں 6 ملی میٹر جبکہ بلوچستان کے علاقے بارکھان میں 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔


متعلقہ خبریں