25 جولائی پاکستان کی جمہوری تاریخ کا یادگار دن ہے، شبلی فراز

فائل فوٹو


اسلام آباد: وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ آج کا دن پاکستان کی جمہوری اور انتخابی تاریخ کا یادگار دن ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آج کے دن 2018 میں ایک فرسودہ، مراعات یافتہ، اقرباپرور اور کرپٹ نظام کو شکست ہوئی۔ اقتدار ملا تو ملک کو معاشی مشکلات کا سامنا تھا، ملک قرضوں کی دلدل میں پھنسا ہوا تھا۔

سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں نئے عزم کے ساتھ اصلاحات کی جانب بڑھے۔ کورونا سے نہ صرف نبرد آزما ہوئے، بلکہ معیشت ،صحت دونوں کواہمیت دی گئی۔

مزید پڑھیں: پنجاب حکومت جلد بلدیاتی انتخابات کرانا چاہتی ہے، عثمان بزدار

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا۔ کامیاب جوان پروگرام، یکساں نصاب تعلیم، بلین ٹری سونامی، ترقی کے سفر کا آغاز ہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ سی پیک کی رفتار تیز، ڈیمز کی تعمیر اور کم آمدن والے افراد کے لیے اقدامات کیے گئے۔ ملک کی ترقی اور خوشحالی کےلیے وزیر اعظم کی قیادت میں جدوجہد جاری رہے گی۔

خیال رہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کو ملک بھر میں قومی اسمبلی اور پنجاب اور خیبر پختونخوا میں سب سیٹیں مل گئی تھیں۔

پاکستان کی بڑی سیاسی جماعتوں نے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگائے تھے۔ تاہم ان جماعتوں نے انتخابی نتائج تسلیم کیے تھے۔

 


متعلقہ خبریں