بلوچستان: دہشتگردوں کا سیکیورٹی فورسز پر حملہ، ایک اہلکار شہید، تین زخمی


اسلام آباد: بلوچستان کے علاقے کیچ میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید جبکہ تین زخمی ہوگئے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی کانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق بلوچستان کےعلاقے کیچ میں معمول کے گشت کے دوران دہشتگردوں نے سیکیورٹی فورسز پر حملہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ایک اہلکار لائنس نائیک جاوید کریم شہید ہوگیا جبکہ تین جوان زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشتگردوں کی تلاش شروع کردی ہے۔

خیال رہے کہ 19 مئی میں بلوچستان کے علاقے کیچ میں دہشت گردوں سے پاک فوج کے اہلکاروں کی فائرنگ کا تبادلہ ہوا  تھا جس میں  پاک فوج کے 7 جوان شہید ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم

شہید ہونے والے اہلکاروں میں نائب صوبیدار احسان اللہ خان، نائیک زبیر خان، نائیک اعجاز احمد، نائیک مولا بخش، نائیک نور محمد اور ڈرائیور عبدالجبار بھی شہدا میں شامل تھے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بلوچستان کے علاقے مشخیل میں دہشتگردوں اوراسمگلرز کی جانب سے انسداد منشیات فورس (اے این ایف) کی ٹیم پر حملے کے نتیجے میں 2 جوان شہید اور 6 زخمی ہوئے تھے۔

ترجمان اے این ایفنے کہا تھا اسمگلروں کی جانب سے فائرنگ اور راکٹ لانچر حملے میں 2 گاڑیاں بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئی تھیں۔

ترجمان کے مطابق اے این ایف کی ٹیم بھاری منشیات برآمد کرکے واپس آرہی تھی کہ 50 سے 60 حملہ آوروں نے مہراب لوگ کے علاقے میں حملہ کیا۔

ترجمان کے مطابق اے این ایف کی ٹیم نے ساڑھے 3 گھنٹے دہشتگردوں اور اسمگلرز کا مقابلہ کیا۔ ایف سی کے اہلکار پہنچنے پر حملہ آور فرار ہوگئے۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق شہید اہلکاروں میں کانسٹیبل ڈرائیور عامر نواز اور کانسٹیبل کا مران شامل تھے۔

 


متعلقہ خبریں