کراچی میں آج پھر بارش کا امکان



اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں آج پھر بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

کراچی میں اتوار کی بارش کا پانی اب  بھی  کئی علاقو ں  میں  کھڑا ہے۔ گارڈن، نیو کراچی، سخی حسن اور کورنگی سمیت  کئی علاقوں میں پانی موجود ہے۔

اتوار کے روز بارش نے کراچی کو ڈبو دیا اور سڑکیں پانی میں غائب ہو گئی تھیں۔ ٹریفک اور کے الیکڑک کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا اور گاڑیاں  پانی میں بہتی  رہیں۔ فضائی آپریشن  بھی معطل  رہا اور کرنٹ  لگنے کے  مختلف واقعات میں  پانچ افراد دم توڑ گئے۔

محکمہ موسمیات نے آج بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی اور بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ شہر کے جنوب مغرب میں بادلوں کا سلسلہ موجود ہے۔

کراچی میں بارش برسانے والا سسٹم کمزور پڑ چکا ہے اور گزشتہ روز کے مقابلے میں آج کم بارش ہونے کا امکان ہے۔ رات تک مختلف علاقوں میں بوندا باندی یا ہلکی بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اورمرطوب رہےگا جب کہ اسلام آباد کے کئی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: موسم کی خرابی:کراچی آنیوالی پروازیں نواب شاہ ایئرپورٹ پہ اتر گئیں

راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

سندھ، بلوچستان، بالائی خیبرپختونخوا  اور پنجاب میں بھی بارش متوقع ہے جب کہ گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، نارووال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات اور منڈی بہاوَ الدین میں بارش متوقع ہے جب کہ مری، چکوال، جہلم، اٹک اور میانوالی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

خوشاب اور سرگودھا میں بھی تیز ہواوَں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔

آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران میرپور خاص، عمر کوٹ ، نگر پارکر، تھر پارکر، اسلام کوٹ اور مٹھی میں بارش کا امکان ہے۔

کراچی، سانگھڑ، دادو، شہید بینظیر آباد ،ٹھٹہ اوربدین میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، پشاور، ایبٹ آباد، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ اور مردان میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے بنوں، کوہاٹ اور کرم میں تیز ہواوَں اور گرج چمک کے ساتھ بارش برسنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نیپال میں بارشیں اور سیلاب، 132 افراد ہلاک، 128 سے زائد زخمی

زیارت، لورالائی، موسیٰ خیل، لسبیلہ، آواران، اورماڑہ میں بارش کا امکان  ظاہر کیا گیا ہے جب کہ پسنی ،خضدار اور گردو نواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔


متعلقہ خبریں