حکومتی اقدامات کے باعث کورونا کا پھیلاؤ کم ہوا، وزیر اعلیٰ پنجاب

کورونا: وزیراعلیٰ پنجاب صحتیاب نہیں ہو سکے، رپورٹ پھر مثبت آگئی

فائل فوٹو


لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حکومت کے دور اندیش اقدامات کے باعث کورونا کا پھیلاؤ کم ہوا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی کامیاب رہی ہے اور آج دنیا بھی وزیر اعظم کے اقدامات کو سراہا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے بہترین نتائج سامنے آ رہے ہیں اور اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت کے دور اندیش اقدامات کے باعث کورونا کا پھیلاؤ کم ہوا ہے۔ عید الاضحیٰ پر بھی ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہو گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ عید سادگی سے منائیں اور کورونا کے تناظر میں ایس او پیز کی مسلسل پابندی کریں۔

گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عید الاضحیٰ کے موقع پر صوبے بھر میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی منظوری دے دی ہے۔

چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن پیشگی اعلان کے بجائے اچانک کیا جائے گا جبکہ صوبے بھر میں مارکیٹیں اور  پلازے عید سے ایک دو روز قبل بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی دارالحکومت میں تفریحی مقامات بند کر دیے گئے

اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران مویشی منڈیاں، یوٹیلیٹی اسٹورز، دودھ، دہی، تندور اور میڈیکل اسٹورز کھلے رہیں گے۔

سول سیکرٹریٹ ذرائع کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن کسی بھی وقت جاری ہو سکتا ہے۔


متعلقہ خبریں