چوکیدار، ایم فل کر کے بھی چوکیدار

چوکیدار، ایم فل کر کے بھی چوکیدار

پشاور: خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے نور مرجان، پشاور یونیورسٹی کے شیخ زید اسلامک سینٹر میں بحیثیت چوکیدار تعینات ہیں۔

شیخ زید اسلامک سینٹر میں چوکیدار کی ڈیوٹی سر انجام دینے والے نور مرجان نے ملازمت کے ساتھ تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا اور ایم فل کی ڈگری حاصل کی۔

نور مرجان نے اسلامک سٹڈیز میں ایم فل کیا اور ان کے مقالے کا موضوع قبائلی اضلاع کے رسم و رواج کا ہندوؤں اور سکھوں کے رسم و رواج کے ساتھ تقابلی جائزہ تھا۔

انہوں نے بتایا کہ وہ میٹرک کی بنیاد پر چوکیدار بھرتی ہوئے تھے اور ملازمت کیساتھ تعلیم کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔

نورمرجان نے پشاور یونیورسٹی میں چوکیدار کی تنخواہ پر مختلف شعبوں میں بھی ملازمت کی ہے۔ ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ چار سال تک سپرنٹنڈنٹ امتحانات کی ذمہ داری نبھائی۔ یونیورسٹی کے ہاسٹل میں کلرک  کے فرائض سر انجام دیے۔ چوکیداری کے دوران نورمرجان نے بی ایڈ اور ایم ایڈ  بھی کیا ہے۔

انہوں نے ہم نیوز کو بتایا کہ وہ  میٹرک کے بعد چوکیدار کے طور پر بھرتی ہوئے تھے اور20 سال سے یہ ملازمت کر رہے ہیں۔ ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے نور مرجان نے بتایا کہ جس مقصد کے لیے اعلیٰ تعلیم حاصل کی تھی، وہ خواب ابھی پورا نہیں ہوا ہے۔

نور مرجان نے درخواست کی کہ انہیں ڈگری کے مطابق کوئی ڈیوٹی دی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے بی ایڈ اور ایم ایڈ سمیت ایم فل بھی کیا ہے جو تعلیم کے شعبے سے تعلق رکھتا ہے، اس لیے اگر مجھے ٹیچنگ کے شعبے میں ہی کوئی ملازمت دی جائے تاکہ میں اپنی تعلیم کو بچوں کے بہتر مستقل کے لیے استعمال کر سکوں۔


متعلقہ خبریں