چاہتے ہیں کرپشن کے نام پر کسی کی عزت نہ اچھالی جائے، شاہ محمود قریشی


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ کرپشن کے نام پر کسی کی عزت نہ اچھالی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن قوانین کا مقصد کسی کو ناجائز تنگ کرنا نہیں ہے، جنہوں نے ملک کو بےدردی سے لوٹا ہے انہیں کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی سفارتکار کلبھوشن یادیو سے بات کیے بغیر چلتے بنے، شاہ محمود قریشی

شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بعض قوانین سے متعلق حکومت اور اپوزیشن کے موقف میں فرق ہے، بہتر قانون سازی کے لیے 24 رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل پا چکی ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی کا ایک اجلاس ہو چکا ہے جبکہ دوسرا بھی عنقریب ہو گا۔

ان کا کہنا ہے کہ ایف اے ٹی ایف، نیشنل سیکیورٹی اور نیب سے متعلقہ مسودے  اپوزیشن کو بھجوا دیے ہیں، اپوزیشن مسودوں کو دیکھیں گے اور ملک کر اس پر گفت و شنید کریں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم ملک میں بہتر قانون سازی کے ذریعے کرپشن کی بیخ کنی چاہتے ہیں۔

قبل ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جلد صحتیابی اور درازی عمر کی دعا کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی صدر کا سعودی ولی عہد کو فون: صورتحال پر تبادلہ خیال

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہارسعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلی فونک بات چیت کے دوران کیا۔

وزیر خارجہ نے بات چیت کے دوران سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت کے متعلق دریافت کیا۔

سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے شاہ محمود قریشی کو بتایا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کامیاب سرجری کے بعد تیزی سے صحتیاب ہو رہے ہیں۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کی دفاعی تنصیبات پر حوثی ملیشیا کے میزائل حملوں کی مذمت کی اور پاکستان کی حکومت و عوام کی جانب سے سعودی عرب کی حکومت و عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز علیل،اسپتال منتقل

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بات چیت میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان، سعودی عرب کی علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔

ہم نیوز کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ کےدرمیان حج کی محدود ادائیگی، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے آئندہ اجلاس اور کورونا وائرس سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ہم نیوز کے مطابق بات چیت میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ کورونا وائرس کی وبائی صورتحال اوراہم علاقائی و دوطرفہ امورپر باہمی مشاورت جاری رکھی جائے گی۔


متعلقہ خبریں