چین نے چینگدو میں امریکی قونصل خانے کو خالی کروادیا


امریکہ اور چین کے مابین کشیدگی میں مزید اضافہ ہو رہا ہے، چین کے شہر چینگدو کے امریکی قونصل خانے کو خالی کر دیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  قونصل خانے سے امریکی پرچم اتار لیا گیا جبکہ امریکی اسٹاف کو ہائی سیکیورٹی میں لے جایا گیا، چینی انتظامیہ نے قونصل خانے کا نظام سنبھال لیا۔

رپورٹس کے مطابق 1985 میں قائم کردہ قونصل خانے میں 200 سے زائد ملازمین کام کرتے تھے۔ چین نے یہ فیصلہ امریکہ کے ہوسٹن میں موجود چینی قونصل خانے کو خالی کروانے کے بعد لیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکہ نے ویزہ فراڈ کے الزام میں 3 چینی باشندوں کو گرفتار کیا تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق گرفتار افراد پر مبینہ طور پر چین کی افواج سے روابط پر جھوٹ بولنے کا الزام لگایا گیا تھا۔ مذکورو گرفتاریاں سائنسدانوں کے سان فرانسسکو کے چینی قونصلیٹ میں روپوش ہونے کے بعد عمل میں آئی تھیں۔

امریکی سیکیورٹی ادارہ ایف بی آئی نے کہا تھا کہ ایک اور چینی باشندے کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں چین کا برازیل کے شہریوں پر کورونا ویکسین کا ٹرائل

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق چینی فوجی سائنسدانوں کو امریکہ بھیجنے کا یہ ایک منصوبہ تھا جبکہ ٹرمپ انتظامیہ  ہیوسٹن میں قائم چینی قونصلیٹ کو بند کرنے کا حکم دے چکی ہے کیونکہ قونصلیٹ کے ذریعے امریکی معلومات چوری کی جا رہی تھیں۔

اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ چین عالمی قوانین کی پاسداری نہیں کر رہا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ نے چین اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ عالمی ادارہ صحت کا جھکاؤ چین کی طرف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈبلیو ایچ او سے نکلنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ امریکہ دنیا بھر میں کورونا وائرس روکنے کے لیے کردار ادا کرے گا۔


متعلقہ خبریں