کراچی میں پارکس، ساحل سمندر 4 اگست تک بند رہیں گے


کراچی: شہر قائد کراچی میں پارکس، ساحل سمندر، جم، پلے گراؤنڈ، جاگنگ ٹریک 4 اگست تک بند رہیں گے۔

کمشنر کراچی کی جانب سے اس ضمن میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کورونا سے متعلق جاری کردہ اصول وقواعد پر عملدرآمد کرایا جائے گا۔

وفاقی دارالحکومت میں تفریحی مقامات بند کر دیے گئے

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عید تعطیلات تک تفریحی مقامات بند کر دیے گئے ہیں۔

اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر آگاہ کیا ہے کہ آج سے عید الاضحیٰ کی تعطیلات تک اسلام آباد کے تفریحی مقامات بند رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تفریحی مقامات کورونا کو کنٹرول کرنے کے لیے بند رہیں گے۔ مری ایکسپریس وے، مارگلہ، پارکس، پکنک مقامات اور ہل اسٹیشن بند رہیں گے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے عوام سے گزارش کی کہ وہ گھومنے پھرنے کا منصوبہ نہ بنائیں۔

گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عید الاضحیٰ کے موقع پر صوبے بھر میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی منظوری دی ہے۔

چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن پیشگی اعلان کے بجائے اچانک کیا جائے گا جبکہ صوبے بھر میں مارکیٹیں اور  پلازے عید سے ایک دو روز قبل بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران مویشی منڈیاں، یوٹیلیٹی اسٹورز، دودھ، دہی، تندور اور میڈیکل اسٹورز کھلے رہیں گے۔

سول سیکرٹریٹ ذرائع کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن کسی بھی وقت جاری ہو سکتا ہے۔


متعلقہ خبریں