شہباز شریف، مولانا فضل الرحمان کا عید کے بعد اے پی سی بلانے پر اتفاق


لاہور: پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف اور جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ممکنہ حکومت مخالف تحریک شروع کرنے سے پہلے اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر اتفاق کیا ہے۔

دونوں رہنماوں کے درمیان ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ گندم کی قلت ہر طرف نظر آرہی ہے۔ لوگ گندم کی قلت کے باعث چکی کا مہنگا آٹا لینے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ ہفتوں میں چینی کی قیمتوں میں بہت اضافہ ہوا۔ گندم کی کٹائی کا سیزن ابھی ختم ہوا اورقلت پیدا ہوگئی۔ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ اس حکومت کی ناکامی کی مثال ہے۔ ان دو سالوں میں مہنگائی آسمان پر پہنچی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ڈالر کی قدر مسلسل بڑھتی جارہی ہے۔ موجودہ حکومت میں مہنگائی میں بہت اضافہ ہواہے۔ پاکستان کی تاریخ میں اس سے بدترین گورننس کی مثال نہیں ملتی۔

مزید پڑھیں: ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا عید کے بعد اے پی سی بلانے پر اتفاق

شہبازشریف نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن سے متعلق مولانا صاحب سے بات ہوئی۔ عید کے بعد اےپی سی بلائی جائے گی، غوروفکرکے بعد آئندہ کالائحہ عمل طےہوگا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عید کے بعد رہبر کمیٹی کا اجلاس ہوگا۔ خوشی ہے شہبازشریف کوصحت منددیکھ رہاہوں۔ شہبازشریف نےجوباتیں کیں اس کی تائید کرتاہوں۔

مولانافضل الرحمان نے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کا موقف ہے کہ موجودہ حکومت دھاندلی سےآئی ہے۔ حکومت ہرحوالے سے ناکام ہوچکی ہے، ہرطبقہ پریشان ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہرطبقہ مہنگائی اور بے روزگاری سے پریشان ہے۔ ڈاکٹرز،اساتذہ اوروکلاسب مایوسی کا شکارہیں۔ مزیدخاموش نہیں بیٹھیں گے،عید کے فوری بعد رہبرکمیٹی کا اجلاس ہوگا۔


متعلقہ خبریں