برطانیہ میں’بائے ون گیٹ ون فری‘ڈیل اور جنک فوڈز کے اشتہارات پر پابندی


برطانیہ میں ’بائے ون گیٹ ون فری‘ ڈیل اور رات نو سے پہلے جنک فوڈز کے اشتہارات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق برطانوی ڈاکٹرز اب نسخے میں سائیکلنگ بھی تجویز کریں گے اور حکومت شہریوں کی حوصلہ افزائی کرے گی۔

حکومت سائیکل مرمت کے لیے شہریوں کو 50 پاؤنڈز والے واؤچر سکیم کا اجرا کرے گی اور اسکیم میں پچاس ہزار واؤچرز آن لائن دستیاب ہوں گے۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا کہنا ہے کہ حکمت عملی کے طور پر بائیک نیشنل ہیلتھ سروس کے پاس بھی دستیاب ہوں گے۔

گزشتہ روز برطانوی حکومت نے موٹاپا کم کرنے کے لیے شہریوں کو جسمانی ورزش کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ انہوں نے  موٹاپے کو ٹائم بم قرار دیا اور شہریوں کو پتلا ہونے کی اپیل کی۔

برطانوی حکومت موٹاپے کیخلاف سرکاری مہم پرایک کروڑ پاؤنڈ خرچ کرے گی۔ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے اس مہم کو ’’وزن گھٹاؤ این ایچ ایس بچاؤ‘‘ کا نام دیا ہے۔

یہ منصوبہ 12 ہفتوں پر مشتمل ہے جس میں لوگوں کو صحت مند خوراک استعمال کرنے کی عادت ڈالنے، زیادہ فعال رہنے اور وزن کم کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔

حالیہ تحقیق کے مطابق وزن زیادہ ہونے یا موٹاپے کا شکار افراد میں کورونا وائرس کا زیادہ خطرہ رہتا اور ایسے افراد کی ہلاکت کے زیادہ امکانات ہوتے ہیں۔

یورپ کے مقابلے میں برطانیہ میں موٹاپے کی شرح سب سے زیادہ ہے۔ یہاں تقریباً دو تہائی بالغ افراد کا وزن زیادہ ہے یا موٹاپے کے زمرے میں شمار ہوتا ہے۔

موٹاپا ناپنے کا ایک اور طریقہ کمر کی جسامت ہے۔ مردوں میں 94 سینٹی میٹر اور خواتین میں 80 سینٹی میٹر سے زیادہ کمر کا مطلب یہ ہے کہ ان افراد میں موٹاپے سے متعلق امراض کا خطرہ زیادہ ہے۔

برطانیہ کے ہیلتھ سیکرٹری میٹ ہینکاک کا کہنا ہے کہ اگر ہر شہری اپنا وزن پانچ پونڈ کم کرلے تو نیشنل ہیلتھ سروس پر سے 100 ملین پونڈز کا بوجھ کم ہوجائے گا۔


متعلقہ خبریں