پنجاب میں تاجروں نےلاک ڈاؤن مسترد کردیا، بازار کھل گئے



لاہور: تاجروں نے پنجاب میں لاک ڈاؤن مسترد کرتے ہوئے بازار کھول دیئے ہیں۔

حکومت نے عید پر کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے صوبے میں نو روزہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا لیکن تاجروں نے عید سے قبل لاک ڈاؤن کا فیصلہ مسترد کر دیا ہے۔

لاہور، راولپنڈی، سیالکوٹ، گجرات اور اٹک سمیت کئی شہروں میں تاجروں نے دکانیں کھول لی ہیں۔ گوجرانوالہ کے تاجروں نے حکومت کےلاک ڈاون کے فیصلے کو رد کر دیا ہے۔

گوجرانوالہ میں کاروبار بند کروانے پر تاجر سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور  شہر کی مرکزی شاہراہ ٹریفک کے لئے بند کر دی۔

تاجروں نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور کاروبار کھولنے کا مطالبہ کیا۔ گوجرانوالہ پولیس نے مین بازار کے کئی حصوں میں پکڑ دھکڑ بھی کی ہے۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ کاروبار بند کر کے ہمارا معاشی قتل کیا جا رہا ہے، ہم ایس او پیز پر عمل کررہے ہیں ہمارے کاروبار کھولے جائیں۔

راولپنڈی کے تاجروں نے بھی لاک ڈاؤن کے متعلق نوٹیفکیشن کو مسترد کرتے ہوئے دکانیں کھول دی ہیں۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ تین صوبے کھلے ہیں تو صرف پنجاب میں کاروبار کیوں بند کیا جا رہا ہے۔

راولپنڈی کی تمام مارکیٹوں میں دکانیں کھل گئی ہیں اور خریداروں کا رش بھی دیکھنے میں آ رہا ہے۔

ہم نیوز نے نما ئندے نے آنکھوں دیکھا حال بتایا کہ کاروباری مراکزمیں معمول کی گہما گہمی ہے اور لوگ عید کی خریداری میں مصروف ہیں۔

اوکاڑہ کے تاجروں نے اسمارٹ لاک ڈاون کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے دکانیں کھول لی ہیں۔ ہم نیوز کے نمائندے نے بتایا کہ صبح سے پولیس اور تاجروں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے اور مختلف مقامات پر پولیس اور تاجروں کے درمیان کشیدگی بھی دیکھنے کو مل رہی ہے۔


متعلقہ خبریں