نوازشریف دل کے مرض کی وجہ سے انتہائی خطرے میں ہیں، میڈیکل رپورٹ



لاہور: مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف کی تازہ میڈیکل رپورٹ لاہور ہائی کورٹ میں جمع کروا دی گئی ہے جس کے مطابق کورونا کے دوران ان کا باہر نکلنا جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔

امجد پرویز ایڈووکیٹ نے عدالتی حکم پررپورٹس رجسٹرار آفس میں جمع کروائی ہیں۔ میڈیکل رپورٹس کے مطابق ڈاکٹرز نے نواز شریف کو کورونا کےباعث گھر سے باہر نکلنے سے روک دیا ہے۔

سابق وزیراعظم نوازشریف پلیٹ لیٹس، شوگر، دل، گردے اور ہائی بلڈ پریشر کے امراض میں مبتلا ہیں۔ نواز شریف کا کورونا کے دوران کہیں باہر نکلنا جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔

میڈیکل رپورٹ کے مطابق کورونا کے دوران نواز شریف کو انتہائی محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ میڈیکل رپورٹ میں نواز شریف کو طبی ماہرین سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

لاہور ہائی کورٹ میں جمع کروائی گئی رپورٹ کے مطابق نواز شریف کاعلاج لندن میں ہو رہا ہے اور ڈاکٹرز نواز شریف کی صحت سے آگاہ ہیں۔ رپورٹ میں ہدایت کی گئی ہے کہ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے سے نواز شریف علاج گاہ کے قریب ترین رہیں۔

خیال رہے کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس4دسمبر، 15 دسمبر 2019 کو بھی عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنایا جا چکا ہے۔ سابق وزیراعظم کی 13جنوری، 12 فروری، 18 مارچ اور 28 اپریل کو بھی میڈیکل رپورٹس ہائیکورٹ میں جمع کروائی جا چکی ہیں۔

لاہور ہائی کورٹ نے نواز شریف کو علاج کی غرض سے غیر مشروط طور پر 4 ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی۔ عدالتی حکم کے مطابق مقرر وقت میں نواز شریف کی صحت بہتر نہیں ہوتی تو علاج کی مدت میں توسیع ہوسکتی ہے جبکہ حکومتی نمائندہ سفارتخانے کے ذریعے نواز شریف سے رابطہ کرسکے گا۔


متعلقہ خبریں