کراچی میں مسلسل تیسرے روز بھی بارش، سڑکیں تالاب بن گئیں



کراچی میں مسلسل تیسرے روز بھی بارش ہوئی جس کے باعث سڑکیں اور گلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں۔

آج صبح نارتھ کراچی،اورنگی ٹاؤن، سرجانی ٹاؤن، میمن گوٹھ، سہراب گوٹھ، نیو کراچی، ناظم آباد، لانڈھی اور  کورنگی میں بارش ہوئی۔ ملیر، کورنگی، شاہ فیصل کالونی، گلستان جوہر، ناظم آباد، لیاقت آباد اور عزیزآباد میں بھی رم جھم لگی رہی۔

کراچی میں چند گھنٹوں کی بارش نے شہر کے رہائشی علاقوں میں تباہی مچادی ہے اورگھروں میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہوگیا ہے۔

شہری گھرو ں میں حصور ہوکر رہ گئے ہیں لیکن انکی مدد کے لیے انتظامیہ اور صوبائی حکومت کا کوئی نمائندہ نہیں پہنچا۔

گلبہاراورناظم آباد میں سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہے جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ ڈسٹرکٹ سینٹرل میں بارش نے بہت تباہی مچائی تھی، گلبہارکی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی تھیں۔

لیاقت آباد میں بھی صورتحال زیادہ خراب ہے جہاں بارش کاپانی توچلا گیا لیکن پیچھے کچرے اور گندگی کےڈھیر چھوڑگیا۔ علاقہ مکین کہتے ہیں یہ گندگی بیماریوں کو سبب بنے گی، انتظامیہ کو چاہیے کہ صفائی کے انتظامات کروائے۔

کراچی کی سب سے بڑی کچی آبادی جیسے اورنگی ٹائون کے نام سے جانا جاتا ہے، بارش کی وجہ سے شدید متاثر ہے۔ کئی کئی فٹ بارش کےبھرے پانی نےتباہی مچادی اور علاقہ مکین گھروں  میں محصور ہوگئے۔

ان مکینوں کی مدد کو کوئی نہ آیانہ صوبائی حکومت کے نمائندے یہاں پہنچے اور نہ بلدیاتی نمائندوں نے علاقے کا حال چال پوچھا۔ مکین کہتے ہیں ہر بار الیکشن سے قبل ان سے ووٹ حاصل کرنے کےلیے نمائندے یہاں ضرور آتے ہیں لیکن بارش کے بعد کوئی نہیں آیا۔

پیر کے روز ہونے والی موسلا دھار بارش نے ضلع وسطی اور غربی کو بری طرح متاثرکیا دونو ں اضلاع میں اب بھی بارش کا پانی کھڑاہے لیکن اس کی نکاسی کے لیے انتظامات نہیں کئے جارہے ہی۔


متعلقہ خبریں