ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی بارش کے بعد دلدل میں تبدیل



کراچی میں قائم ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی کا حال بھی شہر کے دیگر علاقوں جیسا ہے۔ برساتی پانی اور کیچڑ سے شہری اور بیوپاری دونوں ہی پریشان ہیں۔

ایک بارش نے منڈی انتظامیہ کے صفائی کے دعووں کی قلعی کھول دی ہے۔ بارش کے بعد منڈی کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں اور اس صورتحال پر بیوپاری اور شہری دونوں ہی پریشان ہیں۔

مویشی منڈی میں کورونا سے بچاو کی ایس او پیز بھی ہوا میں اڑا دی گئی منڈی میں لگائے گئے سینیٹائزر واک تھرو گیٹس بھی خراب ہیں اور مویشی منڈی کی انتظامیہ اب بھی بلند دعوئوں میں مصروف ہیں۔

مویشی منڈی میں بارش کے بعد کیچڑ اور غلاظت کے ڈھیر لگنے سے مویشیوں میں کھر کی بیماری پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

سپرہائی وے پر قائم مویشی منڈی میں انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے بیوپاری پریشان ہوگئے اور منڈی میں بارش کے پانی کے ساتھ ساتھ کیچڑ کی وجہ سے بھی منڈی کی حالت ناقابل بیان ہے۔

منڈی میں نکاسی آب کا نظام نہ ہونے کی وجہ سے کئی فٹ پانی کھڑا ہے اور بیوپاری کھلے آسمان تلے خریداروں کے منتظر ہیں۔

کراچی میں تین روز سے جاری بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا تاہم شاہراہوں پر پانی جمع ہو نے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا رہا ہے۔

مویشی منڈی انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کے باعث بارشوں کے بعد مویشی منڈی میں پانی جمع ہوگیا ہے اور جانوروں کے بیوپاریوں کو شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

ملک کے مختلف علاقوں سے آئے بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ منڈی انتظامیہ نے پانی نکالنےکا کوئی بندو بست نہیں کیا جس کے باعث مویشی پانی اور کیچڑ میں کھڑے رہے۔


متعلقہ خبریں