کراچی والوں کو سندھ حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، شبلی فراز

وزیراعظم کا خط مسلمانوں کےجذبات کی ترجمانی ہے، شبلی فراز

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ کراچی والوں کو سندھ حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، وفاقی حکومت سندھ کے عوام کیلئے جو بھی کر سکی کرے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کی صورتحال دیکھ کر لگتا ہے، وہاں کوئی حکومت ہی نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے کراچی کی ترقی کیلئے کوئی کام نہیں کیا، پتہ نہیں اربوں، کھربوں کا بجٹ کہاں استعمال ہوا؟

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی کارکردگی سامنے ہے لوگوں کو تکلیف سے گزرنا پڑ رہا ہے، کراچی کا سیوریج سسٹم بے نقاب ہوگیا ہے، سندھ حکومت کراچی کے شہریوں کی تکلیف کا ازالہ کرے۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی کے ایم پی ایز اور ایم این ایز کو لوگوں سے رابطے کیلئے کہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سنا ہے بلاول بھٹو آج شہبازشریف سے مل رہے ہیں، ان دونوں کے بغل میں چھری اور منہ پر رام رام ہے۔

کابینہ اجلاس میں ہونے والے فیصلوں سے متعلق انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے پیٹرول کی قلت کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیشن بنایا ہے جبکہ  ای سی سی کے 22 جولائی کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلا س میں اعظم سواتی نے الیکشن ریفارمز پر بریفنگ دی ہے۔

کابینہ اجلاس: ایئرمارشل ارشد ملک ریٹائرمنٹ کے بعد بھی پی آئی اے کے سی ای او رہیں گے

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت گندم پر 6 ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے، تمام صوبوں کے پاس اپنے گندم کے ذخائر موجود ہیں، گندم ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ چینی اور آٹے کی قیمت اور سپلائی پر وزیراعظم کی نظر ہے، کوشش کر رہے ہیں کہ عوام کو کم قیمت اور اچھی کوالٹی کا آٹا فراہم کریں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے کورونا کیسز میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عید پر احتیاط کی جائے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے میڈیا بقایات ادا نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا ہے، عید کے فوری بعد میڈیا بقایات کا معاملہ حل کریں گے۔


متعلقہ خبریں