آزاد کشمیر میں کورونا کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر لاک ڈاؤن نافذ


مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشےکے پیش نظر لاک ڈاوَن نافذ کر دیا ہے۔ 

گزشتہ روز محکمہ داخلہ آزاد کشمیر کی جانب سے لاک ڈاوَن سے متعلق جاری نوٹیفکیشن کے مطابق لاک ڈاوَن کا اطلاق 29 جولائی رات 12 بجے سے 2 اگست تک ہوگا۔

محکمہ داخلہ آزاد کشمیر کے مطابق لاک ڈاوَن کے دوران تمام سیاحتی مقامات بند رہیں گے تاہم میڈیکل اسٹورز، بینک، پیٹرول پمپس، کریانہ ،سبزی اورفروٹ کی دکانیں کھلی رہیں گی۔

محکمہ داخلہ آزاد کشمیر کے نوٹیفکیشن  کے مطابق لاک ڈاون کے دوران پبلک ٹرنسپورٹ کھلی رہے گی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنل سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 23 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 936 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 5 ہزار 865 ہو گئی ہے اور 2 لاکھ 75 ہزار 225 افراد متاثر ہیں جبکہ ملک بھر میں کورونا کے 2 لاکھ 42 ہزار 436 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا کیسز میں دوبارہ اضافہ ہو سکتا ہے، ڈاکٹر ظفر مرزا

پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد تیزی سے کم ہو رہی ہے اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنل سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد ایکٹیو کیسز کی تعداد 26 ہزار 924 ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 19 ہزار 610 کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔  ملک بھر میں مجموعی طور پر کورونا کے 19 لاکھ 9 ہزار 846 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

سندھ میں کورونا مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 18 ہزار 824 اور خیبر پختونخوا میں کورونا مریضوں کی تعداد 33 ہزار 510 ہو گئی ہے۔ بلوچستان 11 ہزار 624، اسلام آباد 14 ہزار 938، آزاد جموں و کشمیر 2 ہزار 40، گلگت بلتستان دو ہزار 10 اور پنجاب میں 92 ہزار 279 کورونا مریض ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کے پھیلاوَ کے حوالے سے آئندہ دو ہفتے انتہائی اہم ہیں، اسدعمر

پنجاب میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہزار 125، سندھ میں 2 ہزار 162، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 180، اسلام آباد میں 165، بلوچستان میں 136، آزاد کشمیر میں 49 اور گلگت بلتستان میں 48 ہو چکی ہے۔

این سی او سی کے مطابق ‏ملک بھر کےاسپتالوں میں 233 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں جبکہ اسپتالوں میں کورونا وینٹی لیٹرز کی تعداد ایک ہزار 859 ہے۔ اس وقت ایک ہزار 943 مریض اسپتالوں میں داخل ہیں.


متعلقہ خبریں