خیبر پختونخوا میں کورونا سے مزید 6 افراد جاں بحق


پشاور: خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 6 افراد جاں بحق جبکہ عالمی وبا سے مزید 214 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے مطابق صوبے میں کورونا سےانتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 1186 ہو گئی ہے جب کہ وبا سےمتاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 33 ہزار 724 تک پہنچ چکی ہے۔

پشاور میں کورونا سے مزید 2 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جب کہ صوبائی دارالحکومت میں عالمی وبا کے 87 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے مطابق پشاور میں کورونا سے اموات کی تعداد 641 ہو گئی ہے جب کہ کورونا کیسز کی تعداد 12 ہزار676 تک پہنچ چکی ہے۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ  پاکستان میں کورونا کیسز میں دوبارہ اضافہ ہو سکتا ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ پاکستان کو اب 2 بڑے چیلنجز عید اور محرم الحرام درپیش ہیں اور ان دونوں ایام کے دوران کورونا کے چیلنج کا سامنا ہو گا۔ پاکستان میں کورونا کیسز میں دوبارہ اضافہ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عید الفطر پرسماجی فاصلہ نظر انداز کرنے سے کورونا پھیلا اس لیے اب سماجی فاصلہ اور احتیاطی تدابیر کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ عید الاضحیٰ پر انتہائی سمجھ داری کے ساتھ فیصلے کرنے ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ عید الاضحیٰ کے لیے بہت پہلے سے تیاری شروع کر دی تھی۔ اس کے لیے علمائے کرام سے مشاورت کی اور عید سے متعلق کمیٹی میں قومی سطح پر کمیٹی بنائی۔

یہ بھی پڑھیں پاکستان میں کورونا سے مزید 35 افراد جاں بحق، 1226 نئے کیسز رپورٹ

انہوں نے کہا کہ عید الاضحیٰ پر 4 عناصر پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ شہروں میں مویشی منڈیوں کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا اس لیے شہروں سے باہر مویشی منڈیوں کی اجازت ہے۔ عوام مویشی منڈیوں میں بزرگوں اور بچوں کو نہ لے جائیں اور وہاں بھی سماجی فاصلہ اور احتیاطی تدابیر اپنائیں۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ آن لائن مویشی منڈیوں کو ترجیح دی جائےاور عوام اجتماعی قربانی کو ترجیح دیں۔ گھر میں قربانی کے دوران ہجوم سے گریز کریں اور گوشت کی تقسیم کے دوران بھی سماجی فاصلہ رکھا جائے۔

 


متعلقہ خبریں