اسلام آباد میں پہلے کار چارجنگ اسٹیشن کا افتتاح ہوگیا

اسلام آباد میں پہلے کار چارجنگ اسٹیشن کا افتتاح ہوگیا

فائل فوٹو


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں پہلے کار چارجنگ اسٹیشن کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔

وزیرتوانائی عمر ایوب نے اسلام آباد میں کار چارجنگ ا سٹیشن کا افتتاح کیا۔ افتتاح کے موقع پر عمرایوب کا کہنا تھا کہ حکومت ملک بھر میں بجلی کی فراہمی کے لیے بہتر اور ایسے اقدامات کررہی کہ صارفین بجلی کے بہتر نرخ میسر آئیں۔

حکومت نے20جولائی2020 کو اسلام آباد میں جناح ایونیو پر واقع پی ایس او پیٹرول پمپ پر چارجنگ اسٹیشن کا آغاز کیا تھا۔ حکومت  اٹک آئل کی جانب سے فلیگ شپ چارجنگ کی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس کا اعلان کرتے ہوئے لکھاتھا کہ الیکٹرک کار کے اسلام آباد میں پہلے چارجنگ اسٹیشن کی لانچنگ کے حوالے سے میں بہت پُرجوش ہوں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں فی الحال الیکٹرک کاروں کا استعمال نہیں کیا جا رہا۔ کچھ عرصہ قبل کراچی کی ایک کمپنی نے الیکٹرک کار متعارف کرائی تھی جس کی قیمت محض چار لاکھ روپے مقرر کی گئی۔

گاڑی میں دو افراد کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے جبکہ کمپنی نے رکشہ اور موٹر سائیکلیں بھی متعارف کرائی ہیں جن کی قیمتیں بالترتیب دو لاکھ روپے اور 55 ہزار روپے رکھی گئی ہیں۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ان کی گاڑیاں کی فی کلومیٹر لاگت محض ایک روپے 25 پیسے ہوگی جو کہ عوام کیلئے ٹرانسپورٹ کا سب سے سستا آپشن ہوگا۔

گاڑی متعارف کرانے والی کمپنی کے چیئرپرسن فرحان حنیف کے مطابق ایک مرتبہ چارج کرنے پر موٹر سائیکل اور رکشہ 60 سے 70 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرسکتے ہیں جبکہ گاڑی 50 کلومیٹر چلے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اس کاوش میں آٹھ چینی کمپنیز کا اشتراک بھی شامل ہے اور جیسے ہی حکومت اپنی الیکٹری وہیکل پالیسی متعارف کرائے گی کمپنی اپنی پیداوار بڑھادے گی۔

وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حکومت ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کو مستقبل ذرائع نقل حمل کے طور پر استعمال کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

وفاقی کابینہ نے پہلی قومی الیکٹرک وہیکل پالیسی کی منظوری دے دی ہے۔ مجوزہ قومی پالیسی کے مطابق 2030 تک 5 لاکھ سے 10 لاکھ الیکٹرک گاڑیاں شاہراہوں پر لائی جائیں گی۔ سال 2030 تک ملک میں 30 سے 40 فیصد گاڑیاں بجلی پر منتقل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

 


متعلقہ خبریں