کراچی میں ایدھی کی ایمرجنسی سروس معطل

Edhi

کراچی: دنیا کی سب سے بڑی نجی فلاحی ایمبولنس سروس ایدھی فاؤنڈیشن کی ہیلپ لائن115 معطل ہوگئی ہے۔

بارش کے باعث ٹیلیفون لائن خراب ہونے سے ایدھی فاؤنڈیشن کی ہیلپ لائن115 معطل ہوگئی ہے۔ کراچی میں ایمرجنسی سروس بھی معطل ہے۔ ایدھی ایمبولینس سروس فون 115 اور دیگر انفارمیشن بیورو کے تمام فون بند ہوچکے ہیں۔

ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کےمطابق پی ٹی سی ایل حکام  کا کہناہےکہ پورا دن ایدھی کے فون نمبر بند رہیں گے۔ ایدھی فاونڈیشن کی جانب سے عوام کے نام پیغام میں کہا گیا ہے کہ ایدھی ایمبولینس بروقت نہ ملنے پر ہم  معذرت خواہ ہیں۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے تحت خدمات کی مختلف جہتیں ہیں، ایمبولینس سروس کے حوالے سے یہ دنیا کی سب سے بڑی خدمتی تنظیم ہے۔ ایدھی ایمبولینسیز میں ائر ایمبو لینس بھی شامل ہے، ہوائی جہاز اور ہیلی کاپٹر مریضوں کی تیز تر منتقلی میں کام آتے ہیں۔ موبائل ڈسپنسری اور بلڈ بینک اس کے علاوہ ہے۔

گزشتہ تین دن سے کراچی میں موسلادھار بارش کے بعد شاہراہوں پر پانی جمع ہو گیا تھا اور گاڑیاں بند ہونے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

گلستان جوہر بلاک 12 میں پانی جمع ہونے سے کھڑی گاڑیاں ڈوب گئیں تھیں جب کہ اسکیم 33 میں واقع رہائشی سوسائٹی میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا تھا۔

یونیورسٹی روڈ اور ماڈل کالونی کی سڑکوں پر بھی پانی جمع ہوگیا تھا اور نالوں کی صفائی نہ ہونے سے کئی علاقوں میں گندا پانی سڑکوں پر آگیا تھا۔

برسات کے باعث عوام کو بجلی اور پانی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی تھی جب کہ لینڈ لائن ٹیلی فون لائنیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔


متعلقہ خبریں