جعلی بینک اکاوَنٹس کیس: زین ملک نے نیب سے 9ارب روپے سے زائد کی پلی بارگین کرلی

ہاؤسنگ سوسائٹی فراڈ کیس، پلی بارگین کی درخواست منظور

فائل فوٹو


اسلام آباد: جعلی بینک اکاوَنٹس کیسز کا سامنا کرنے والے زین ملک نے 6 کیسز میں 9ارب روپے سے زائد کی پلی بارگین کرلی۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے زین ملک کی پلی بارگین رپورٹ احتساب عدالت اسلام آباد میں جمع کرادی۔

نیب کی جانب سے احتساب عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق 6 کیسز میں 9 ارب 5کروڑ 5 لاکھ 54 ہزار 34 روپے کی پلی بارگین منظور کرلی گئی ہے۔

نیب رپورٹ کے مطابق زین ملک نے ایک ارب روپے نیب کے حوالے کردیے ہیں۔ زین ملک بقیہ 8 ارب روپے 3 سال میں سہ ماہی اقساط میں جمع کرائیں گے۔

مزید پڑھیں: نیب کی بڑی کامیابی، جعلی اکاونٹس کیس میں ایک اور وصولی

نیب رپورٹ کے مطابق زین ملک نے میگا منی لانڈرنگ ریفرنس، پنک زیزیڈنسی ریفرنس میں پلی بارگین کی۔ نیب نے زین ملک کی نہر خیام میں الاٹمنٹ کے ریفرنس میں بھی پلی بارگین بھی منظور کرلی۔

نیب رپورٹ کے مطابق اے ون انٹرنیشنل اکاوَنٹ پر نیب تحقیقات میں بھی پلی بارگین منظور کرلی گئی۔ اوپل جوائنٹ وینچر پر نیب تحقیقات میں بھی پلی بارگین منظور کرلی گئی۔

نیب رپورٹ کے مطابق 8ارب روپے کی مبینہ ٹرانزیکشن پر جاری نیب تحقیقات میں بھی پلی بارگین منظور کرلی گئی۔

خیال رہے کہ مارچ میں قومی احتساب بیورو کی جانب سے احتساب عدالت کو بتایا گیا تھا کہ زین ملک کے ساتھ پلی بارگین کا عمل شروع ہوچکا ہےاور مختلف کیسز میں واجبات کی ادائیگی کا طریقہ کار طے کر لیا گیا ہے۔

وکیل نیب نے عدالت کو بتایا تھا کہ زین ملک کی جانب سے پلی بارگین کی درخواست دی گئی ہے جس پر مختلف کیسز میں واجبات کی ادائیگی کا طریقہ کار طے کر لیا گیا ہے اور نیب ہیڈ کوارٹر جلد پراسس شروع کر دے گا۔


متعلقہ خبریں