شربت بیچ کر گھر کی کفالت کرنے والے طالبعلم کی میٹرک میں شاندار کامیابی


ملتان:  ملتان میں شربت فروخت کر کے گھر کی کفالت کرنے والے یتیم طالب علم نے میٹرک امتحان میں شاندار نمبر لیکر نئی مثال قائم کردی۔

ہونہار طالب علم حذیفہ ملک نے 2019 کے ملتان بورڈ کے میٹرک کے امتحانات میں 1100 میں سے 1050 نمبر حاصل کیے ہیں۔

آنکھوں میں چمک اور چہرے پر مسکراہٹ والے ملتان کے اس باہمت لڑکے نے شربت فروخت کر کے پانچ بہن بھائیوں کی کفالت بھی کی۔

چھ برس پہلے والد کے انتقال کے بعد بھی حذیفہ ملک نے ہمت نہیں ہاری۔ مشکل حالات بھی محمد حذیفہ کے جذبے کو ماند نہ کر سکے اور اپنی پڑھائی کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔

سال 2019 میں میٹرک کے امتحان میں سائنس گروپ میں 1100 میں سے 1050 نمبر حاصل کرنے والے حذیفہ ملک اسکالرشپ پر نجی کالج میں فرسٹ ائیر میں زیر تعلیم ہیں۔

مزید پڑھیں: حالات نارمل ہونے تک اسکولز نہیں کھولیں گے، وزیرتعلیم پنجاب

حذیفہ ملک کے ماموں کا کہنا ہے کہ اگر حکومت اس کی مالی مشکلات دور کرے تو اس کا ڈاکٹر بننے کا خواب پورا ہو سکتا ہے۔

حذیفہ ملک کا کارنامہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو پاکستان بیت المال نے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

دریں اثناء ملتان۔کمشنر شان الحق نے 16 سالہ حذیفہ ملک کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنا مہمان بنالیا۔ وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے کمشنر نے طالب علم کو 20 ہزار انعام اور گلدستہ پیش کیا۔

شان الحق نے اس موقع پر کہا کہ محنت سے اپنی شناخت بنانے والے نونہار کی میزبانی پر فخر ہے۔ ہونہار طالبعلم نے ثابت کیا کہ تعلیم کی دولت کسی مخصوص طبقے کی میراث نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب حذیفہ ملک کا مستقبل تابناک بنانے کیلئے تمام سہولیات فراہم کرے گی۔


متعلقہ خبریں