ترنول پھاٹک کے قریب ٹرین کی زد میں آکر 2 خواتین جاں بحق


اسلام آباد: وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں ترنول پھاٹک کے قریب تیز رفتار ٹرین کی زد میں آکر 2 خواتین جاں بحق ہوگئیں۔

حادثے کے بعد اہل علاقہ مشتعل ہوگئے اور ٹرین پرپتھراوَ کیا۔ انتظامیہ نے پولیس کو موقع  پر طلب کرلیا۔

ریلویں ذرائع کے مطابق ٹرین پشاورسے راولپنڈی جارہی تھی کہ دو خواتین پھاٹک پار کرتے ہوئے ٹرین کی زد میں آگئیں۔

خیال رہے کہ 3 جولائی کو پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں پھاٹک پر ٹرین کوسٹر سے ٹکرا گئی تھی جس کے نتیجے میں 22 مسافر جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں: ریلوے کا عید پر 4 خصوصی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ

ریسکیوذرائع کے مطابق شاہ حسین ایکسپریس کراچی سے لاہور جا رہی تھی جب وہ پھاٹک کراس کرنے والی کوسٹر سے ٹکرا گئی تھی۔ حادثے کے نتیجے میں کوسٹر میں سوار 22 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر سکھ یاتری تھے۔

اس سے قبل سندھ کے علاقے روہڑی کے قریب پاکستان ایکسپریس ٹرین مسافر کوچ سے ٹکرا گئی تھی، جس کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق  اور 8 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

ریلوے حکام کے مطابق پاکستان ایکسپریس کراچی سے راولپنڈی جارہی تھی۔ کندھرا پھاٹک کھلا ہونے کے دوران مسافر کوچ نے ریلوے کراسنگ عبور کرنے کی کوشش کی اور ٹرین کی زد میں آگئی تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال ٹرین کے متعدد واقعات رونما ہوئے تھے جن میں سے کچھ جان لیوا بھی ثابت ہوئے۔

گزشتہ سال اکتوبر میں تیزگام ایکسپریس کو حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 70 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔


متعلقہ خبریں