کراچی میں عید الاضحیٰ پر بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ


کراچی: شہر قائد میں عید الاضحیٰ پر بھی کیبل فالٹس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ جاری رہی۔

شہر قائد میں عید الاضحیٰ کے پہلے دن کورنگی، شاہ فیصل اور پہلوان گوٹھ میں بجلی کا 9 گھنٹے طویل بریک ڈاؤن رہا۔

کے الیکٹرک کا اس بارے میں کہنا ہے کہ گرڈ اسٹیشن میں فنی خرابی کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: کے الیکٹرک: رہائشی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا عندیہ دیدیا

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ خرابی کو دور کرکے بجلی بحال کرنے کی کوشش جاری ہے تاہم کراچی میں کہیں بھی اعلانیہ یا غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں کی جا رہی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں عید کی تعطیلات کے باوجود بجلی کی طلب 3000 میگا واٹ ہے، لوڈ شیڈنگ والے علاقوں میں مسلسل بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔

کے الیکٹرک ترجمان کا کہنا ہے کہ جن علاقوں میں بجلی نہیں وہاں کیبل فالٹ کےمسائل درپیش ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کے الیکٹرک کا معاہدہ منسوخ کر کے قومی تحویل میں لیا جائے، سراج الحق

چند روز قبل ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ کراچی میں درجہ حرارت کم ہونے کے بعد بجلی کی طلب میں کمی واقع ہوئی ہے۔ کراچی میں بجلی کی طلب 2 ہزار 800 میگا واٹ اور رسد 2 ہزار 500 میگا واٹ ہے جس کے بعد کراچی میں بجلی کا شارٹ فال 300 میگا واٹ رہ گیا ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا یہ بھی کہنا تھا کہ کراچی کے 77 فیصد رہائشی علاقوں میں لوڈشیڈنگ ختم کر دی گئی ہے تاہم لائن لاسز والے علاقوں میں 6 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔


متعلقہ خبریں