رہنما مسلم لیگ ن سید افتخارالحسن انتقال کرگئے


لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما سید افتخارالحسن پنجاب کے شہر ڈسکہ میں انتقال کرگئے ہیں۔ 

سید افتخار الحسن حلقہ این اے 75 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ وہ اپنے علاقے کے گدی نشین بھی تھے۔ 

خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل سید افتخارالحسن کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے تھے جس کی وجہ سے انہیں لاہور منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ علاج کے بعد صحتیاب ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: قومی ڈیف کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی محمد عرفان انتقال کر گئے

تاہم بعد ازاں لیگی ایم این اے کو ہارٹ اٹیک اور برین ہیمرج ہوا جس کے بعد انہیں وینٹی لیٹرپر منتقل کر دیا گیا۔

آخری ایام میں ان کی حالت انتہائی تشویشناک تھی اور ان کے عزیز واقارب نے عوام الناس سے سید افتخار الحسن ظاہرے شاہ کی صحتیابی کے لیئے دعا کی اپیل بھی کی تھی۔‎

صاحبزادہ سید افتخار الحسن المعروف ظاہرے شاہ کا تعلق صوبہ پنجاب کے شہر سیالکوٹ سے تھا اور وہ 2 فروری 1942 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔

انہوں نے 1993ء اور پھر 1998ء میں ڈسکہ سے مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم سے قومی اسمبلی کی سیٹ کے لیے الیکشن لڑا اور کامیابی حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیں: معروف شاعر اور ماہر تعلیم پروفیسر عنایت علی خان انتقال کر گئے

سید افتخار الحسن پنجاب کی صوبائی اسمبلی کے رکن بھی رہ چکے ہیں، 2013 کے الیکشن میں انہوں نے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر سیالکوٹ کے حلقہ این اے 113 سے الیکشن لڑا اور قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔


متعلقہ خبریں