آل پاکستان انجمن تاجران کا پنجاب میں کل سے کاروبار کھولنے کا مطالبہ

پاکستان میں تاجر تنظمیوں کی ہڑتال، کاروبار ٹھپ

فائل فوٹو


لاہور: آل پاکستان انجمن تاجران نے کل سے پنجاب میں کاروبار کھولنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کردیا۔

سیکریٹری آل پاکستان انجمن تاجران نعیم میر کا کہنا ہے کہ ہوٹل، ریسٹورنٹس، اسکولز اور تمام بند کاروبار کھولنے کی حتمی تاریخ کا اعلان کیاجائے۔ چھوٹے تاجروں کیلئےمالی امدادی پیکیج کا اعلان کیا جائے۔

سیکریٹری انجمن تاجران کا کہنا ہے کہ اپوزیشن پارٹیاں تجارتی اور معاشی ایجنڈے پر احتجاج کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں۔ مجبور نہ کریں کہ ہم حکومت مخالف تحریک کا حصہ بن جائیں۔

انہوں نے کہا کہ تاجر رہنماوَں کا اجلاس بلا کر اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

مزید پڑھیں: آل پاکستان انجمن تاجران نے حکومت سے ریلیف پیکج کا مطالبہ کر دیا

خیال رہے کہ سوبائی حکومت نے عید پر کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے صوبے میں نو روزہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے لیکن تاجروں نے عید سے قبل لاک ڈاؤن کا فیصلہ مسترد کر دیا تھا۔

یاد رہے کہ عید الاضحیٰ سے قبل تاجروں نے پنجاب میں لاک ڈاؤن مسترد کرتے ہوئے بازار کھول دیے تھے۔

لاہور، راولپنڈی، سیالکوٹ، گجرات اور اٹک سمیت کئی شہروں میں تاجروں نے دکانیں کھول لی تھیں۔ گوجرانوالہ کے تاجروں نے حکومت کےلاک ڈاون کے فیصلے کو رد کر دیا تھا۔

گوجرانوالہ میں کاروبار بند کروانے پر تاجر سڑکوں پر نکل آئے تھے اور  شہر کی مرکزی شاہراہ ٹریفک کے لے بند کر دی تھی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ کاروبار بند کر کے ہمارا معاشی قتل کیا جا رہا ہے، ہم ایس او پیز پر عمل کررہے ہیں ہمارے کاروبار کھولے جائیں۔

راولپنڈی کے تاجروں نے بھی لاک ڈاؤن کے متعلق نوٹیفکیشن کو مسترد کرتے ہوئے دکانیں کھول دی تھیں۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ تین صوبے کھلے ہیں تو صرف پنجاب میں کاروبار کیوں بند کیا جا رہا ہے۔

راولپنڈی کی تمام مارکیٹوں میں دکانیں کھل گئی تھیں اور خریداروں کا رش بھی دیکھنے میں آیا تھا۔


متعلقہ خبریں