پاکستان ورچوئل اسکریبل ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا


ورچوئل اسکریبل ورلڈ کپ کے آن لائن ہونے والے مقابلوں میں پاکستان ملائیشیا کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے اور سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ امریکہ سے ہوگا۔

پانچ رکنی پاکستانی ٹیم نے ملائشیا کو 11 کے مقابلے میں 14 پوائنٹس سے مات دی اور آخری چار ٹیموں میں جگہ بنائی

پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی 14 سالہ سید عماد علی نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پانچ میں سے چار میچز جیت کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ معیز اللّٰہ بیگ اور حسان ہادی خان نے تین، تین جبکہ صہیب ثناء اللّٰہ اور وسیم کھتری نے دو، دو میچ جیتے۔

قومی ٹیم 9 اگست کو سیمی فائنل میں فیورٹ ٹیم امریکہ کے مدمقابل آئے گی۔ امریکہ نے کوارٹرفائنل میں سنگاپور کو شکست دی۔ پاکستان ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ ورچوئل اسکریبل ورلڈ کپ کا انعقاد عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث پہلی بار آن لائن کیا جا رہا ہے۔

ورلڈکپ میں 16 ممالک کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور انہیں چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

ہر ٹیم میں پانچ کھلاڑی شامل ہیں۔ پاکستانی ٹیم سابق ورلڈ یوتھ اسکریبل چیمپیئن معیذ اللہ بیگ، سید عماد علی، سابق قومی چیمپیئن وسیم کھتری، حسان ہادی خان اور صہیب ثناءاللہ پرمشتمل ہے۔

پاکستان نے گروپ بی میں حیران کن کارکردگی دکھاتے ہوئے مشکل حریف آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور نائیجیریا کو شکست دے کر ٹاپ پوزیشن حاصل کی اور سیمی فائنل فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ قومی اسکریبل ٹیم نے آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کو 16-9جبکہ نائجیریا کو 14-11 سے ہرایا تھا۔

انفرادی کارکردگی کے لحاظ سے پاکستان کے دو پلیئرز ٹاپ ٹین میں شامل ہیں، 14سالہ سید عماد علی 11 فتوحات اور 769 کے اسپریڈ اسکور کے ساتھ دوسرے نمبر پرہیں۔ حسان ہادی خان 10 میچز جیت کر پانچویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔


متعلقہ خبریں