کراچی کے مسائل بہت زیادہ ہیں، کوشش ہے آئندہ اسپیل سے پہلے تیاری کرلیں، مراد علی شاہ


کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی شہر کے مسائل بہت زیادہ ہیں، کوشش ہے آئندہ اسپیل سے پہلے تیاری کرلیں۔

کراچی میں بارش سے متاثرہ مختلف علاقوں کے دورے کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ کشمیری محلہ اورنگی نالے کے پاس مسائل پید اہوئے تھے۔ لیاقت آباد،ناگن چورنگی کے اطراف نالے اوورفلو ہوئے تھے۔ ڈسٹرکٹ سینٹرل میں بھی نالے اوورفلو ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کے باعث نالوں کی صفائی کا کام تاخیر کا شکار ہوا۔ کوتاہیاں ماننے کو تیار ہیں ان پر کام کررہے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ  نے شارع فیصل، گجرنالہ اور اورنگی نالے کا دورہ کیا۔ حاکم نے وزیراعلیع کو بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر بریفنگ دی۔

مزید پڑھیں: کراچی بارش سے جل تھل ہوگیا: گیارہ انسانی جانیں لقمہ اجل بن گئیں

دریں اثناء قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے (این ڈی ایم اے) نے کراچی میں موجود ندی نالوں کی صفائی کا کام شروع کردیا ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن مو سیٰ کالونی کے قریب گجر نالے کی صفائی میں مصروف ہے۔

ہیوی مشینری کے ذریعے گجر نالے پر 4مقامات پر صفائی کا کام جاری ہے۔ نالوں کے کنارے جمع کچرے کو بھی لینڈ فل سائٹ تک پہنچا یا جا رہا ہے۔

پہلے مرحلے میں کراچی کے 38 بڑے نالوں کی صفائی کا کام مکمل کیا جائے گا۔ نالوں سے کچرا نکالنے کے بعد تہہ میں موجود مٹی بھی نکالی جائے گی۔ دوسرے مرحلے میں 368 چھوٹے نالوں کی صفائی کا کام شروع کیا جائے گا۔ نالوں کے چوکنگ پوائنٹس کو 7 اگست تک کلیئر کرنے کی ڈیڈ لائن رکھی گئی ہے۔

چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا ہے  کہ کراچی میں روزانہ بیس ہزار ٹن کچرا پیدا ہوتا ہے اور شہر میں ندی نالوں کے اطراف بہت تجاوزات ہیں جس کی وجہ سے پانی کا نکاس نہیں ہو پاتا۔

انہوں نے کہا کہ سات سے نو اگست تک کراچی میں بارش متوقع ہے اور ہم کوشش کر رہے ہیں کہ اس بار شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔


متعلقہ خبریں