کراچی میں موسلادھار بارش اور اربن فلڈنگ کا خدشہ، الرٹ جاری


اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے کراچی میں موسلادھار بارش اور اربن فلڈنگ کے خدشہ کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔

محکمہ موسمیات نے  کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں 6 اگست سے بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے۔ جمعرات سے ہفتے تک سندھ میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ  جمعرات کی شام خلیج بنگال سے مون سون ہوا کا کم دباوَ سندھ میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ جمعرات سےہفتہ تک سندھ اوربلوچستان کےمشرقی علاقوں میں موسلادھاربارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے ضلع خضدار کے پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے۔ سندھ، جنوبی پنجاب اور مشرقی بلوچستان میں ہوائیں شدت کے ساتھ داخل ہوں گی۔

مزید پڑھیں: کراچی میں مسلسل تیسرے روز بھی بارش، سڑکیں تالاب بن گئیں

محکمہ موسمیات نے کراچی،حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، تھرپارکراورعمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، ٹنڈواللہ یار، مٹیاری اور ٹنڈومحمد خان میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جامشورو، دادو اورشہید بےنظیرآباد میں بھی گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بہاولپور، رحیم یارخان، خیرپور، سکھر، لاڑکانہ ، قمبرشہدادکوٹ ، جیکب آباد، کشمور، گھوٹکی، قلات، جعفرآباد، جھل مگسی، خضدار، لسبیلہ اورآوارن میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

خیال رہے کہ قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے(این ڈی ایم اے) نے کراچی میں موجود ندی نالوں کی صفائی کا کام شروع کردیا ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن مو سیٰ کالونی کے قریب گجر نالے کی صفائی میں مصروف ہے۔

ہیوی مشینری کے ذریعے گجر نالے پر 4مقامات پر صفائی کا کام جاری ہے۔ نالوں کے کنارے جمع کچرے کو بھی لینڈ فل سائٹ تک پہنچا یا جا رہا ہے۔

پہلے مرحلے میں کراچی کے 38 بڑے نالوں کی صفائی کا کام مکمل کیا جائے گا۔ نالوں سے کچرا نکالنے کے بعد تہہ میں موجود مٹی بھی نکالی جائے گی۔ دوسرے مرحلے میں 368 چھوٹے نالوں کی صفائی کا کام شروع کیا جائے گا۔ نالوں کے چوکنگ پوائنٹس کو 7 اگست تک کلیئر کرنے کی ڈیڈ لائن رکھی گئی ہے۔

 


متعلقہ خبریں