پاکستان کشمیر پر جارحانہ سفارتی مہم چلائے، راجہ فاروق حیدر


مظفرآباد: وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کشمیر پر جارحانہ سفارتی مہم چلائے۔

وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کی سربراہی میں آزاد جموں و کشمیر کی پارلیمانی جماعتوں کا اجلاس ہوا، جس میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی،مشیر قومی سلامتی معید یوسف اور صدر آزادکشمیر مسعود نے خصوصی طور پر اجلاس میں شرکت کی۔

ہم نیوز کے مطابق اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کی گئی۔

اجلاس کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان کی کشمیر پالیسی اور عالمی سطح پر اقدامات پر بریفنگ دی۔

وزیرخارجہ نے اجلاس کو بتایا کہ آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں میں کشمیر کے معاملے پر مکمل ہم آہنگی ہے۔ پاکستان کے عوام اور حکومت کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد میں ساتھ ہیں۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد: کشمیرہائی وے کا نام تبدیل کرکے سری نگر ہائی وے رکھ دیا گیا

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 5اگست کو وزارت خارجہ میں تمام سیاسی جماعتوں کا خصوصی اجلاس منعقد ہوگا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششیں عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک سال سے مقبوضہ کشمیر مکمل فوجی محاصرے میں ہے۔ حکومت پاکستان جارحانہ سفارتی مہم چلائے۔ مودی کی انتہا پسندانہ سوچ نے بھارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

اجلاس میں شریک آزاد کشمیر کی پارلیمانی جماعتوں نے نے پاکستانی قوم اور حکومت کی جانب سے 5 اگست کو منانے پر تشکر کا اظہار کیا


متعلقہ خبریں