نیو یارک: پاکستانی قونصلیٹ کے زیر اہتمام ’یوم استحصال کشمیر‘ ویبینار کا انعقاد



نیویارک: پاکستانی قونصلیٹ کے زیر اہتمام ’یوم استحصال کشمیر‘ ویبینار کا انعقاد کیا گیا۔

امریکہ میں پاکستانی سفیر اسد مجید خان و دیگر نے ویبینار میں کشمیریوں پر جاری بھارتی ظلم و ستم کی شدیدمذمت کی۔

اسد مجید خان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی روز کا معمول بن گیا ہے، پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی ،سیاسی اور سفارتی مدد جاری رکھے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کشمیر پر جارحانہ سفارتی مہم چلائے، راجہ فاروق حیدر

اس موقع پر قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ ہمیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غاصبانہ قبضہ کو پوری دنیا کے سامنے اُجاگر کرنا ہے، اقوام متحدہ کشمیر پر جاری غاصبانہ قبضہ ختم کرنے کے لیے ہندوستان پر دباؤ ڈالے۔

قونصل جنرل نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری کشمیر میں انسانی حقوق کی بحالی کے لیے ہندوستان پر زور دے۔

ویبینار کے مقررین نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ظلم و ستم کا نشانہ بنانے پر بھارتی حکومت پر شدید تنقید کی۔

مقررین کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں بے شمار جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے، انتہا پسند مودی سرکار نے مسلمانوں اوردیگر اقلیتوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: کشمیرہائی وے کا نام تبدیل کرکے سری نگر ہائی وے رکھ دیا گیا

خیال رہے کہ چند روز قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ یوم استحصال کے موقع پر بھارت کو واضح پیغام دیں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کشمیر سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی محاصرے کو ایک سال مکمل ہو جائے گا۔ ہم 5 اگست کو یوم استحصال منائیں گے جس پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔ 5 اگست کو کشمیریوں کا استحصال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں گے جبکہ صدر مملکت اسلام آباد میں ریلی کی قیادت کریں گے اور تمام وزرائے اعلیٰ صوبائی دارلحکومتوں میں ریلی کی قیادت کریں گے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ مختلف شہروں میں کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے سیمینارز ہوں گے جبکہ اراکین اسمبلی کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے سیمینارز میں شرکت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں عید پر تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، وزیر اعظم

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانی رنگ لائے گی اور بھارت کو شکست ہو گی۔ پاکستانی قوم کشمیریوں کی قربانی کو سلام پیش کرتی ہے۔


متعلقہ خبریں