یوم شہدائے پولیس عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے



اسلام آباد: ملک بھر میں آج یوم شہدائے پولیس منایا جارہا ہے جس کا مقصد اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران جان قربان کرنے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔

کراچی میں یوم شہدا پولیس کے حوالے سے مخلتف تقاریب کا سلسلہ جاری ہے، سندھ پولیس کی جانب سے شہر کی مخلتف مقامات اور شاہراہوں کو شہدا کی تصاویر سے سجایا گیا ہے۔

کراچی پولیس نے یوم شہدا پر ترانہ جاری کردیا۔ ترانے میں کراچی پولیس کے آٹھ سو ستتر شہیدوں کی فیملیزسے اظہار یکجہتی کیا گیا ہے۔ ترجمان کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ شہر کی روشنیاں پولیس جوانوں کی شہادت کا ثمر ہیں۔

یوم شہدا پولیس کے سلسلے میں بنوں پولیس لائن میں یادگار شہدا پر کمشنر بنوں ڈویژن شوکت علی یوسفزئی، ڈی آئی جی ریجن عبدالغفورآفریدی اور ڈی پی او وسیم ریاض نے حاضری دی۔ افسران نے شہدا کی قبروں پر پھول چڑھائے اس موقع پر پولیس کے دستے نے شہدا کو سلامی پیش کی اور ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کا اہتمام بھی کیا گیا۔

شہدا کے درجات بلندی کیلئے دعا بھی کی گئی۔ اس سے قبل ڈی پی او وسیم ریاض شہدائے پولیس کے ورثا سے ملے اور ان میں تحائف تقسیم کیے۔

اہم مقامات پر شہدائے پولیس کی تصویر اور ان کی قربانیوں کی داستانوں پر مبنی خصوصی پورٹریٹ، پوسٹر،اور بینرآویزاں ہیں، مساجد میں ختم القرآن، فاتحہ خوانی اور دعائیہ تقریبات مختلف تھانہ جات میں جاری ہیں۔

گلگت بلتستان پولیس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے لیے آج سکردو میں یوم شہدائے پولیس منایا جا رہا ہے جس کا مقصد شہدائے پولیس کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔


متعلقہ خبریں