حکومت کا شادی ہالز اور پارکس کھولنے پر غور


اسلام آباد: کورونا کیسز میں مسلسل کمی کے بعد حکومت پاکستان نے شادی ہالز اور پارکس کھولنے پر غور شروع کر دیا ہے۔

وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر نے بتایا ہے کہ حکومت نے ایس او پیز کے متعلق صوبائی حکومتوں کی تجاویز جمع کرلی ہیں جن کا جائزہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کے اجلاس میں لیا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ این سی او سی کے اجلاس میں سیاحت، شادی ہال اور پارکس وغیر کھولنے پرغور کیا جائے گا۔عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کے باعث جن کاروبار کو بند کیا گیا ہے ان میں شادی ہال بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شادی ہال مالکان نے ایس او پی کے تحت ہال کھلوانے کا فارمولا پیش کر دیا

شادی ہال مالکان کی جانب سے تسلسل کے ساتھ یہ مؤقف اپنایا جاتا رہا ہے کہ وہ ایس او پیز کے ساتھ اپنا کاروبار کھولنا چاہتے ہیں جس کے لیے حکومت اورانتظامیہ ان سے بات چیت کرے تاہم اس ضمن میں تاحال کوئی خاص پیشرفت نہیں ہوسکی ہے۔

شادی ہال مالکان نے اس سلسلے میں حکومت کو فارمولا بھی پیش کیا تھا جس میں عملی مظاہرہ کر کے دکھایا گیا کہ کس طرح ایس او پیز کے تحت کاروبار چلایا جا سکتا ہے۔

فارمولے کے تحت  ہال میں لگائی گئی کرسیوں کو فاصلے سے رکھا گیا اور شادی ہال کے مرکزی گیٹ پر ڈس انفیکشن گیٹ بھی نصب کیا گیا تھا جب کہ مہمانوں کو ٹیبل پر کھانا پیش کیا گیا۔

مالکان نے حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ ایس او پیز کے تحت ہالز کھولنے کی اجازت دی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کو سزا اور جرمانے کیے جائیں۔

کورونا وائرس کے سبب چاروں صوبوں میں شادی ہالز اور پارکس کو بند کر دیا تھا۔ شادی ہالز پر پابندی سے ہزاروں افراد بے روزگار ہوگئے ہیں جب کہ پکوان سینٹرز اور میرج بیوروز کا بزنس بھی متاثر ہوا ہے۔


متعلقہ خبریں