کراچی میں متوقع بارشیں: کے ایم سی کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ


کراچی: میئرکراچی وسیم اختر نے متوقع بارشوں کے پیش نظر کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔

میئر کراچی نے ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اوردیگر محکموں کے متعلقہ افسران وعملے کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔

میئرکراچی نے ضلعی چیئرمینوں سے رابطہ،عملے اورمشینری کوتیارحالت میں رکھنے کی ہدایت کردی۔

کراچی میئر وسیم اختر نے انڈرپاسز پرمشینری اور ڈی واٹرنگ پمپس قبل ازوقت پہنچانے کی ہدایت کردی۔

میئرکراچی نے ہدایت کردی ہے کہ بارش ہونے کی صورت میں پانی کی نکاسی کاعمل فوری شروع کیاجائے۔ مخدوش عمارتوں میں رہائش پذیرشہری متوقع بارشوں کے پیش نظراحتیاطی تدابیراختیارکریں۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی میں مزید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں موسلادھار بارش اور اربن فلڈنگ کا خدشہ، الرٹ جاری

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ جمعرات سے شروع ہو گا جس کے بعد محکمہ صحت سندھ نے اسپتالوں میں ایمرجنسی کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

محکمہ صحت سندھ نے دوران ایمرجنسی میڈیکل اور پیر امیڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی ہیں۔

ڈی جی صحت سندھ نے ہدایت کی ہے کہ اسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور یومیہ بنیادوں پر رپورٹ جمع کرائی جائے۔ محکمہ صحت سندھ نے صوبے کے سرکاری اسپتالوں کو خط لکھ کر آگاہ کر دیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں بھی مون سون کا نیا سلسلہ ہفتے کو داخل ہو گا۔ اس وقت لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ درجہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔

ملک کے بیشترعلاقوں میں آج موسم گرم اور شدید حبس رہے گا۔ تاہم بالائی خیبر پختو نخوا، بالائی پنجاب، گلگت بلتستان، بلوچستان اور کشمیر کے کچھ اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

 


متعلقہ خبریں