برساتی نالوں کی صفائی سے متعلق کسی قسم کی شکایات نہیں آنی چاہیے، مراد علی شاہ


کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ صوبے بھر کے برساتی نالوں کی بروقت صفائی کے حوالے سے کوئی شکایت نہیں آنی چاہیے۔

متعلقہ حکام نے وزیراعلیٰ سندھ کو بارش ایمرجنسی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

کمشنر حیدر آباد نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ اگر شدید بارشیں ہوئیں تو حیدرآباد زیادہ متاثر ہوتا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ رین ایمرجنسی میں ہم نے حیدرآباد ڈویژ ن کو 70 ملین روپے دیے۔ ان 70 ملین روپے میں سے 20 ملین روپے ڈی سی حیدرآباد کو دیے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بدین کو 5 ملین روپے اور ٹنڈو محمد خان کو 2.5 ملین روپے نالوں کی صفائی کیلئے دیے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ برساتی نالوں کی صفائی سے متعلق کسی قسم کی شکایات نہیں ہونی چاہیے۔ سجاول اور بدین 100 کلومیٹر ساحلی پٹی پر قائم ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کراچی میں برساتی نالوں کی صفائی کا آغاز کر دیا ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق کراچی میں 552 چھوٹے بڑے برساتی نالے ہیں۔ کرچی میں 38 بڑے نالوں میں سے 22 کی صفائی ہنگامی بنیادوں پر شروع کردی ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 19نالوں کی صفائی کی ذمہ داری سندھ حکومت نے لی ہے۔ گجر نالہ، کورنگی نالہ اور مواچھ گوٹھ نالہ پر ایف ڈبلیو او کام کر رہا ہے۔

ترجمان این ڈی ایم کے مطابق کراچی کے 3 بڑے نالوں پر کل 21 مقامات پر چوک پوائنٹس ہیں۔ نالوں کی صفائی پر ایف ڈبلیو او کی 14 ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔

این ڈی ایم اے کا مزید کہنا ہے کہ ٹیموں نے گزشتہ روز 4 ہزار 364 ٹن کچرا نالوں سے نکالا۔ ایف ڈبلیو او نالوں کی صفائی کا کام 24 گھنٹے کی بنیاد پر کر رہا ہے۔

دوسری جانب میئرکراچی وسیم اختر نے متوقع بارشوں کے پیش نظر کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔

میئر کراچی نے ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اوردیگر محکموں کے متعلقہ افسران وعملے کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں موسلادھار بارش اور اربن فلڈنگ کا خدشہ، الرٹ جاری

میئرکراچی نے ضلعی چیئرمینوں سے رابطہ،عملے اورمشینری کوتیارحالت میں رکھنے کی ہدایت کردی۔

کراچی میئر وسیم اختر نے انڈرپاسز پرمشینری اور ڈی واٹرنگ پمپس قبل ازوقت پہنچانے کی ہدایت کردی۔

میئرکراچی نے ہدایت کردی ہے کہ بارش ہونے کی صورت میں پانی کی نکاسی کاعمل فوری شروع کیاجائے۔ مخدوش عمارتوں میں رہائش پذیرشہری متوقع بارشوں کے پیش نظراحتیاطی تدابیراختیارکریں۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی میں مزید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ جمعرات سے شروع ہو گا جس کے بعد محکمہ صحت سندھ نے اسپتالوں میں ایمرجنسی کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

محکمہ صحت سندھ نے دوران ایمرجنسی میڈیکل اور پیر امیڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی ہیں۔

ڈی جی صحت سندھ نے ہدایت کی ہے کہ اسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور یومیہ بنیادوں پر رپورٹ جمع کرائی جائے۔ محکمہ صحت سندھ نے صوبے کے سرکاری اسپتالوں کو خط لکھ کر آگاہ کر دیا۔


متعلقہ خبریں