کورونا سے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے سندھ حکومت 20ارب روپے کیش ٹرانسفر کریگی

Dollar price

کراچی: کورونا سے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے سندھ حکومت  نے 20ارب روپے کیش ٹرانسفر کا فیصلہ کیا ہے۔

چیف سیکریٹری سندھ  ممتازعلی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کیش ٹرانسفر سے پہلے ڈیٹا حاصل کرنے کے لیے ادارہ شماریات پاکستان کو مراسلہ لکھا جائے گا۔ سندھ حکومت ستمبر سے کیش ٹرانسفرشروع کرے گی اور اس کیلئے مردم شماری کا ڈیٹا درکار ہوگا۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ کا کہنا ہے کہ نادرا اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا بھی اس سلسلے میں ڈیٹا لیا جائے گا۔

چیف سیکریٹری سندھ کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے بجٹ میں سوشل پروٹیکشن کیلئے 34 ارب روپے رکھے ہیں۔ کورونا سے متاثرہ افراد کیلئے 20ارب روپے کیش ٹرانسفرکیلئے رکھےگئے ہیں۔

مزید پڑھیں: دنیا بھر میں کورونا وائرس سے 6 لاکھ 98 ہزار سے زائد اموات

ممتازعلی شاہ نے کہا کہ زراعت کیلئے 3ارب، آسان قرضوں کی فراہمی کیلئے 5ارب کا فنڈ رکھا گیا ہے۔لائیواسٹاک سے وابستہ افراد کی بحالی کے لیے 500ملین روپے مختص ہیں۔

چیف سیکریٹری کی زیرصدارت اجلاس میں سیکریٹری لائیو اسٹاک نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مویشی مالکان کوبریڈنگ اورمصنوعی افزائش نسل کیلئے اچھے جانور خریدے جائیں گے۔

سیکریٹری لائیو اسٹاک نے کہا کہ اس سے دودھ کی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ یوسی سطح پرمصنوعی افزائش نسل کے مراکز قائم کیے جارہے ہیں۔

دوسری جانب سندھ میں کورونا وبا سے مزید 5 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد صوبے بھر میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 2 ہزار 231 ہوگئی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے جاری تازہ اعدادوشمار کے مطابق پچھلے 24 گھنٹے کے دوران صوبے میں کورونا کے مزید 311 کیسز رپورٹ ہوئے۔ سندھ میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 22ہزار16ہوگئی،

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق کورونا کے 356 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ سندھ میں کورونا کے 57مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ پچھلے 24 گھنٹے کے دوران کراچی میں کورونا کے مزید 201 کیسز رپورٹ ہوئے۔ کراچی میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 86ہزار708 ہوگئی۔


متعلقہ خبریں