یوم استحصال کشمیر: ملک بھر میں ریلیوں کا انعقاد



اسلام آباد: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی محاصرے کو ایک سال مکمل ہونے پر آج پاکستان اور دنیا بھر میں یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے اور اس موقع پر ملک بھر میں ریلیوں اور سیمینارز کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

مظفرآباد میں یوم استحصال کشمیر پر ریلی اقوام متحدہ (یواین) مبصر مشن کے دفتر پہنچ گئی ہے جہاں وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے بھی ریلی میں شرکت کی اور مذمتی یادداشت یو این مبصر مشن دفتر میں جمع کرا دی۔

قبل ازیں ملک بھر میں صبح 10 بجے سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: یوم استحصال کشمیر:میں کشمیریوں کاسفیر بنارہوں گا، وزیر اعظم

اسلام آباد میں وزیراعظم ہاوَس سے پارلیمنٹ تک یوم استحصال کشمیر ریلی کا اہتمام کیا کیا گیا۔ وزیر اعظم ہاؤس کے سامنے صدر مملکت عارف علوی نے یوم استحصال کشمیر ریلی کا استقبال کیا اور خود بھی شرکت کی۔ صادق سنجرانی ، شبلی فراز، شہریار آفریدی بھی ریلی میں شریک ہوئے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم ہاوَس سے پارلیمنٹ تک یوم استحصال کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ بھارت نے کشمیر کی سرزمین پر قبضہ کر رکھا ہے، کشمیر کی سرزمین پر بھی یوم استحصال منایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوم استحصال کا مقصد دنیا کو بھارتی مظالم سے آگاہ کرنا ہے، مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ ایک سال سے لاک ڈاوَن ہے، لاک ڈاوَن سےمعیشت کو بڑا نقصان ہوا۔

صدر مملکت نے کہا کہ بھارت نے اسرائیل سے ڈیموگرافی بدلنے کا طریقہ سیکھا، بھارت نے کشمیریوں کےخلاف اسرائیل سے پیلٹ گنز خریدیں، کشمیری عوام بھارت کا غیر قانونی اقدام تسلیم کرلیتے تو آج وہاں کرفیو نہ ہوتا۔

یہ بھی پڑھیں: یوم استحصال کشمیر: صدر مملکت نے سینیٹ کا اجلاس طلب کر لیا

وفاقی دارالحکومت میں یوم استحصال ریلی سے خطاب میں وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا عالمی برداری نوٹس لے۔ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا حساب دینا ہو گا۔

چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے کہا کہ پاکستانی قوم مسئلہ کشمیر پر یک زبان ہے اور ہم نے مسئلہ کشمیر پر دنیا کا ضمیر جھنجھوڑنا ہے۔ مقبوضہ کشمیر خطے کا فلیش پوائنٹ بن چکا ہے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ اگست انسانی تاریخ کا ایک تاریک دن ہے جب مودی سرکار نے انسانی حقوق کی پامالی کی ایک نئی مثال قائم کی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ وادی میں لاک ڈاؤن کر کے اسے جیل میں تبدیل کر دیا اور انسانی تاریخ میں ایسی بدترین مثال کہیں نہیں ملتی۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ بھارت کےغیر قانونی اقدامات دنیا کی توجہ کے متقاضی ہیں اور بھارت کشمیری عوام کی تحریک آزادی کو دبانے میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہو گا۔

یوم استحصال کی مناسبت سے گورنر ہاؤس لاہور سے شروع ہونے والی ریلی چیئرنگ کراس پہنچی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا کہ بھارت نے مظلوم کشمیریوں کا قتل عام کیا، آزادی کشمیری عوام کا مقدر بنے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے، بھارت میں اقلیتوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں۔

چودھری سرور کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے، مظالم کے باوجود کشمیری عوام کا جذبہ آزادی کم نہیں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: یوم استحصال: وزیراعظم آج مظفر آباد میں ریلی کی قیادت کریں گے

میرپور آزاد کشمیر میں یوم استحصال پر وکلا نے احتجاجی ریلی نکالی۔  ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے ریلی اور علامتی بھوک ہڑتال کی گئی۔

میرپور آزاد کشمیر میں ضلع کچہری سے چوک شہیداں تک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں